Tag Archives: Kuwait

مشرق وسطی کے اس ملک میں پہلی بارشروع ہوئی ہندی ریڈیو کی نشریات، ہندوستانی سفارت خانے نے دی مبارکباد

کویت میں پہلی بار ہندی میں ریڈیو کی نشریات شروع ہوئی ہیں۔کویت میں موجود ہندوستانی سفارت خانے نے یہ اطلاع دی۔ ہندوستانی سفارت خانے نے کویت ریڈیو پر ہر اتوار کو ایف ایم 93.3 اور AM 96.3 پر ہندی پروگرام شروع کرنے کے لیے کویتی وزارت مواصلات کی تعریف کی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانے نے کہا کہ کویت کی طرف سے اٹھایا گیا یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر پوسٹ کرتے ہوئے، ہندوستانی سفارت خانے نے کہا، کویت میں پہلی بار ہندی ریڈیو کی نشریات شروع ہوئی!ہندوستان کا سفارت خانہ 21 اپریل 2024 سے ہر اتوار (8:30 تا 9 PM) کویت ریڈیو پر FM 93.3 اور AM 96.3 پر ہندی پروگرام شروع کرنے کے لیے کویتی وزارت مواصلات کی ستائش کرتاہے۔ اس قدم سے ہندوستان اور کویت کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

 

ہندوستان، ایک طویل عرصے سے کویت کا تجارتی شراکت دار رہا ہے۔ 2021-2022 میں، دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ منائی۔ 17 اپریل کو کویت میں ہندوستانی سفیر آدرش سویکا نے کویت کے نائب وزیر اعظم شیخ فہد یوسف سعود الصباح سے ملاقات کی۔ اس دوران ہندوستانی سفیر نے کویت کی طرف سے شروع کئے گئے تارکین وطن دوستانہ اقدامات کی بھی تعریف کی۔ کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے یہ اطلاع دی۔

 

کویت میں ہندوستانی برادری سب سے بڑی تارکین وطن ہے۔یاد رہے کہ کویت میں تقریباً 10 لاکھ ہندوستانی رہتے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ ملک کی سب سے بڑی مہاجر کمیونٹی ہے۔ کویت میں ہندوستانیوں کو ترجیحی کمیونٹی سمجھا جاتا ہے۔ انجینئرز، ڈاکٹرز، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، سائنسدانوں، سافٹ ویئر کے ماہرین، مینجمنٹ کنسلٹنٹ، آرکیٹیکٹس، ٹیکنیشن اور نرسوں جیسے پیشہ ور افراد کے علاوہ ریٹیلرز اور تاجر بھی یہاں رہتے ہیں۔

ایران۔امریکہ آمنے سامنے: قطر اورکویت سے امریکہ کولگابڑا جھٹکا، ایئربیس کو لیکر کہی یہ بڑی بات

نئی دہلی: ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان اگلے 48 گھنٹوں میں جنگ چھڑ سکتی ہے۔ امریکہ پہلے ہی کھل کر ایران کو دھمکی دے چکا ہے کہ اگر اس نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسرائیل ایران تنازع میں امریکہ کے فعال کردار کے پیش نظر مشرق وسطیٰ کے دو بڑے ممالک قطر اور کویت نے امریکہ کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔

ایران آبزرور اور گلوب آئی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قطر اور کویت نے امریکہ پر واضح کر دیا ہے کہ اگر ایران اسرائیل جنگ کی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو وہ امریکہ کو اپنے ملک میں اپنے ایئر بیس (ہوائی اڈے )اسرائیل کی مدد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ اس تنازع کے دوران کویت اور قطر کے فضائی حدود استعمال نہیں کر سکے گا۔

 

ایران۔امریکہ آمنے سامنے

یادرہے کہ کہ قطر اور کویت میں امریکہ کے بڑے فوجی اڈے ہیں۔ امریکہ بھی ایک عرصے سے ان ممالک کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ تاہم یہ دونوں ممالک اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران اپنے قریبی پڑوسی ایران کے ساتھ تعلقات کو خراب نہیں کرنا چاہتے ہیں۔دوسری جانب ایران اور امریکہ کے تعلقات بہتر نہیں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکہ نے ایران کے سب سے بڑے فوجی رہنما کو ہلاک کر دیا تھا۔

ہندوستان ،حکومت کی ایڈوائزری

ایران ۔اسرائیل جنگ کے خدشے کے پیش نظر مرکزی وزارت خارجہ بھی کافی متحرک ہو گئی ہے۔ وزارت نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ کوئی بھی ہندوستانی ایران اور اسرائیل کا سفر نہ کرے۔ ان ممالک میں پہلے سے موجود ہندوستانیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر سفارت خانے سے رابطہ کریں۔ اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی حفاظت کو ذہن میں رکھیں اور گھر سے باہر نقل و حرکت کو کم سے کم کریں۔