ہندوستان، ایک طویل عرصے سے کویت کا تجارتی شراکت دار رہا ہے

مشرق وسطی کے اس ملک میں پہلی بارشروع ہوئی ہندی ریڈیو کی نشریات، ہندوستانی سفارت خانے نے دی مبارکباد

کویت میں پہلی بار ہندی میں ریڈیو کی نشریات شروع ہوئی ہیں۔کویت میں موجود ہندوستانی سفارت خانے نے یہ اطلاع دی۔ ہندوستانی سفارت خانے نے کویت ریڈیو پر ہر اتوار کو ایف ایم 93.3 اور AM 96.3 پر ہندی پروگرام شروع کرنے کے لیے کویتی وزارت مواصلات کی تعریف کی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانے نے کہا کہ کویت کی طرف سے اٹھایا گیا یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر پوسٹ کرتے ہوئے، ہندوستانی سفارت خانے نے کہا، کویت میں پہلی بار ہندی ریڈیو کی نشریات شروع ہوئی!ہندوستان کا سفارت خانہ 21 اپریل 2024 سے ہر اتوار (8:30 تا 9 PM) کویت ریڈیو پر FM 93.3 اور AM 96.3 پر ہندی پروگرام شروع کرنے کے لیے کویتی وزارت مواصلات کی ستائش کرتاہے۔ اس قدم سے ہندوستان اور کویت کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

 

ہندوستان، ایک طویل عرصے سے کویت کا تجارتی شراکت دار رہا ہے۔ 2021-2022 میں، دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ منائی۔ 17 اپریل کو کویت میں ہندوستانی سفیر آدرش سویکا نے کویت کے نائب وزیر اعظم شیخ فہد یوسف سعود الصباح سے ملاقات کی۔ اس دوران ہندوستانی سفیر نے کویت کی طرف سے شروع کئے گئے تارکین وطن دوستانہ اقدامات کی بھی تعریف کی۔ کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے یہ اطلاع دی۔

 

کویت میں ہندوستانی برادری سب سے بڑی تارکین وطن ہے۔یاد رہے کہ کویت میں تقریباً 10 لاکھ ہندوستانی رہتے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ ملک کی سب سے بڑی مہاجر کمیونٹی ہے۔ کویت میں ہندوستانیوں کو ترجیحی کمیونٹی سمجھا جاتا ہے۔ انجینئرز، ڈاکٹرز، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، سائنسدانوں، سافٹ ویئر کے ماہرین، مینجمنٹ کنسلٹنٹ، آرکیٹیکٹس، ٹیکنیشن اور نرسوں جیسے پیشہ ور افراد کے علاوہ ریٹیلرز اور تاجر بھی یہاں رہتے ہیں۔