گجرات ٹائٹنز نے کم اسکورنگ میچ میں پنجاب کنگز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل 2024 میں اپنی چوتھی جیت درج کی۔ (GT/Instagram)

IPL 2024: راہل تیوتیا بنے ون مین آرمی، اکیلے پلٹ دی بازی، گجرات نے لگایا جیت کا ’چوکا‘

نئی دہلی : گجرات ٹائٹنز نے کم اسکورنگ میچ میں پنجاب کنگز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل 2024 میں اپنی چوتھی جیت درج کی۔ 143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم نے 19.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ گجرات کے 8 میچوں میں 8 پوائنٹس ہیں جبکہ پنجاب کنگز کی 8 میچوں میں یہ چھٹی شکست ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی گجرات ٹائٹنز پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ راہل تیوتیا اس میچ میں ون مین آرمی کی طرح ڈٹے رہے۔ انہوں نے اکیلے دم پر ہی بازی پلٹ دی۔ تیوتیا نے 18 گیندوں پر ناٹ آوٹ 36 رنز بنائے۔ انہوں نے گجرات کو چار وکٹ سے جیت دلائی۔

143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کو پہلا جھٹکا 25 رنز کے مجموعی اسکور پر لگا جب ردھیمان ساہا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد کپتان گیل 29 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ساہا کو ارشدیپ سنگھ نے آشوتوش شرما کے ہاتھوں کیچ کروایا جبکہ گل کو لیام لیونگسٹن نے کگیسو ربادا کے ہاتھوں کیچ کیا۔ سیم کرن نے سائی سدرشن کو 31 رنز کے ذاتی سکور پر کلین بولڈ کردیا۔ عظمت اللہ عمرزئی کو 13 رنز کے ذاتی اسکور پر ہرشل پٹیل نے پویلین بھیج دیا۔

اس سے پہلے آر سائی کشور کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز کے اسپنرز نے پنجاب کے بیٹنگ آرڈر کو تباہ کر دیا اور انہیں 142 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اس سیزن میں پاور پلے میں سب سے خراب کھیل رہے پنجاب کنگز نے سست آغاز کیا اور 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 45 رنز بنائے۔ اس کے بعد سائی کشور، راشد خان اور نور احمد نے پنجاب کے بلے بازوں کو آزادی سے کھیلنے نہیں دیا۔ سائی کشور نے 33 رن پر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد نے 15 رن پر ایک وکٹ اور احمد نے 20 رن پر دو وکٹیں حاصل کیں۔

پنجاب کے لیے پربھسمرن سنگھ 21 گیندوں میں 35 رنز بنا کر فارم میں واپس آئے۔ وہ چھٹے اوور میں آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد مسلسل وکٹیں گرتی رہیں۔ اسپن گیندبازوں نے پنجاب کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر سائی کشور نے اپنی رفتار میں ورائٹی لا کر مخالف بلے بازوں کو کافی پریشان کیا۔ احمد اور راشد نے دوسرے اینڈ سے دباؤ بنایا۔ احمد نے ریلی روسو (09 رنز) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ وہیں کپتان سیم کرن 19 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد راشد کا شکار بنے۔

اس سیزن میں پنجاب کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے والے ششانک سنگھ اور آشوتوش شرما بھی سستے میں آؤٹ ہوئے۔ ہرپریت برار نے 12 گیندوں میں 29 رنز بنائے اور ٹیم کو 140 سے آگے تک پہنچایا ۔