ہندوستان میں ایران کے سفیر ایرج الٰہی نے کہا کہ ایران نے مسافر طیاروں کی حفاظت کو بنائے رکھنے کے لیے 13 اپریل کو اسرائیل پر فضائی حملے کے بارے میں کچھ پڑوسی ممالک کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔ (Image:AP)

کیا ایران نے اسرائیل پر حملے کے بارے میں ہندوستان کو بتایا تھا؟ ایرانی سفیر نے کہا…

نئی دہلی : ہندوستان میں ایران کے سفیر ایرج الٰہی نے کہا کہ ایران نے مسافر طیاروں کی حفاظت کو بنائے رکھنے کے لیے 13 اپریل کو اسرائیل پر فضائی حملے کے بارے میں کچھ پڑوسی ممالک کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔ ‘ہندوستان ٹائمز’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ‘حملہ کرنے سے پہلے ہم نے مسافر طیاروں کی حفاظت کو بنائے رکھنے کے لیے ہمسایہ ممالک کو میزائلوں کی اطلاع بھیج دی تھی۔’ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسرائیل میں آپریشن کے بعد ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بات کی تھی۔

‘ہندوستان ٹائمز’ کی رپورٹ کے مطابق الہی نے کہا کہ ‘آپریشن کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ 13 اپریل کی رات ایران نے اپنا پہلا حملہ براہ راست اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے کیا تھا۔ اسرائیل کا دعوی ہے کہ اس نے اپنے اتحادیوں کی مدد سے ایران سے داغے گئے 300 میزائلوں اور ڈرونز میں سے زیادہ تر کو روک کیا اور کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

ایران کا اسرائیل پر حملہ یکم اپریل کو شام کے شہر دمشق میں اس کے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ تھا۔ جس میں پاسداران انقلاب ایران کے دو جرنیلوں سمیت سات اہلکاروں کی موت ہوگئی تھی ۔ بعد ازاں 19 اپریل کو جمعہ کی علی الصبح ایرانی شہر اصفہان میں دھماکے کی خبر سامنے آئی۔ امریکی میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے جوابی کارروائی کی۔ حالانکہ اسرائیلی یا ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ایرانی سفیر الٰہی نے کہا کہ ہندوستان اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں فعال کردار ادا کر سکتا ہے۔ اسرائیل نے گزشتہ سات مہینوں میں غزہ کے عوام کے خلاف ہر قسم کے جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور غزہ میں 35000 سے زائد بے گناہ لوگوں کو قتل کیا ہے۔ کیا ایسے جرم کے پیش نظر خاموش رہنا درست ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات بھی اچھی حالت میں ہیں اور ایران توانائی سمیت تمام شعبوں میں ان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔