ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کی 97 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔

شلپاشیٹی کےشوہرراج کندراکی97کروڑ روپے کی جائیداد ضبط، منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کا ایکشن

شلپا شیٹی اور راج کندرا کی کی مشکلات میں پھر بڑھتی نظر آرہی ہے۔ دراصل ای ڈی یعنی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شلپا کے شوہر راج کندرا کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے اور ان کی کروڑوں کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔آپ کو بتا دیں کہ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کی 97 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ شلپا کے بزنس مین شوہر راج کندرا کے خلاف فحش فلموں کی تیاری اور اس کی تشہیر کے سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی نے کہا کہ تقریباً 97.79 کروڑ روپے کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے کندرا جوڑے کے ہیں اور یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون( PMLA 2022)کے تحت کی گئی ہے۔ ان میں ممبئی کے مضافاتی علاقے جوہو میں ایک رہائشی فلیٹ جو شلپا شیٹی کے نام ہے، ساتھ ہی پونے میں ایک بنگلہ اور کندرا کے ایکویٹی شیئرز بھی شامل ہیں۔ ED کے ذریعہ منسلک جائیدادوں/حصص کی انفرادی تشخیص کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔

ای ڈی نے کیوں کارروائی کی؟

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائی مہاراشٹر پولیس اور دہلی پولیس کی طرف سے میسرز ویری ایبل ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ، مرحوم امیت بھردواج، اجے بھردواج، وویک بھردواج، سمپی بھردواج، مہندر بھاردواج اور کئی دیگر ایم ایل ایم ایجنٹوں کے خلاف درج کی گئی متعدد ایف آئی آرز کی بنیاد پر تحقیقات کے طور پر سامنے آئی ہے۔

 

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے 2017 میں بٹ کوائن کی شکل میں 6,600 کروڑ روپے کی خطیر رقم جمع کی تھی۔ یہ رقم سرمایہ کاروں سے بٹ کوائن کی شکل میں ہر ماہ 10فیصد منافع کے جھوٹے وعدے کے ساتھ اکٹھی کی گئی۔ یہ بٹ کوائن مبینہ طور پر بٹ کوائن مائننگ کے لیے تھے، سرمایہ کاروں کو کرپٹو اثاثہ میں خاطر خواہ منافع کی امید تھی۔ تاہم، پروموٹرز نے مبینہ طور پر سرمایہ کاروں کو دھوکہ دیا اور بٹ کوائنز کو غیر واضح آن لائن بٹوے (Online Wallet)میں چھپا دیا۔

راج کندرا پر کیا الزام ہے؟

ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ راج کندرا نے یوکرین میں بٹ کوائن مائننگ فارم قائم کرنے کے لیے ‘گین بٹ کوائن پونزی اسکام’ کے ماسٹر مائنڈ اور پروموٹر امیت بھردواج سے 285 بٹ کوائنز حاصل کیے تھے۔ یہ بٹ کوائن، سادہ لوح سرمایہ کاروں سے حاصل کیے گئے، امیت بھردواج نے جمع کیے تھے اور اب کندرا کے قبضے میں ہیں۔ ان کی مالیت 150 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔