نئی دہلی لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی امیدوار بانسوری سوراج اور عام آدمی پارٹی کے سومناتھ بھارتی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ تصویر: اے این آئی ۔

لوک سبھا انتخابات: دہلی میں کون مارے گا بازی؟ بی جے پی امیدواروں کا ان سے ہوگا مقابلہ

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی نے دہلی کی سات میں سے پانچ لوک سبھا سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کردہ پانچ امیدواروں میں سے دو خواتین ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے دہلی کی سبھی سات سیٹوں پر لگاتار کامیابی حاصل کی ہے۔ نئی دہلی لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی امیدوار بانسوری سوراج اور عام آدمی پارٹی کے سومناتھ بھارتی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ سابق مرکزی وزیر سشما سوراج کی بیٹی بانسوری سوراج ایک مشہور وکیل ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے سومناتھ بھارتی بھی پیشے سے وکیل رہے ہیں۔ دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان اتحاد ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں بی جے پی کا چار سیٹوں پر عام آدمی پارٹی اور تین سیٹوں پر کانگریس سے مقابلہ ہوگا۔

مغربی دہلی لوک سبھا سیٹ کی بات کریں تو یہاں سے بی جے پی کے کمل جیت سہراوت اور عام آدمی پارٹی کے مہابل مشرا میدان میں ہیں۔ مہابل مشرا اس سیٹ سے سال 2019 میں بھی لوک سبھا الیکشن لڑ چکے ہیں۔ اس وقت وہ کانگریس کے امیدوار تھے اور 5 لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے الیکشن ہار گئے تھے۔ بی جے پی نے جنوبی دہلی لوک سبھا سیٹ سے رامویر سنگھ بیدھوری کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔

یہاں عام آدمی پارٹی کی جانب سے پہلوان سہیرام امیدوار ہیں۔ لوک سبھا الیکشن لڑ رہے سومناتھ بھارتی اور سہیرام عام آدمی پارٹی کے موجودہ ایم ایل اے ہیں۔ اتحاد کے تحت عام آدمی پارٹی 4 اور کانگریس 3 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے چاندنی چوک سے پروین کھنڈیلوال اور شمال مشرقی دہلی سے منوج تیواری کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ یہ سیٹیں اتحاد میں کانگریس کے پاس گئی ہیں، لیکن کانگریس نے ابھی تک ان سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: وزیراعظم مودی وارانسی سے لڑیں گے الیکشن، لوک سبھا انتخابات کیلئے BJP کی پہلی فہرست جاری

یہ بھی پڑھئے: کیا دو ججوں والی بینچ…بلقیس بانو کیس میں کیسے اپنے ہی دو فیصلوں میں الجھ گیا سپریم کورٹ

ادھر اگر مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ کی بات کی جائے تو سابق ہندوستانی کرکٹر گوتم گمبھیر پچھلی بار بی جے پی کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ حالانکہ اس بار گوتم گمبھیر نے الیکشن نہیں لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بی جے پی نے ابھی تک اس سیٹ پر امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے، جب کہ عام آدمی پارٹی نے اپنے ایم ایل اے کلدیپ کمار کو ٹکٹ دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس بار بی جے پی نے دہلی کے انتخابات میں چار نئے چہروں کو میدان میں اتارا ہے۔ ان میں چاندنی چوک سے پروین کھنڈیلوال، نئی دہلی سے بانسوری سوراج، مغربی دہلی سے سابق میئر کمل جیت سہراوت اور جنوبی دہلی سے رامویر سنگھ بیدھوری شامل ہیں۔ پارٹی نے ایک بار پھر شمال مشرقی دہلی سے منوج تیواری پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔