ایک اسپتال کے قریب بے گھر ہونے والے شہریوں کے پناہ گزینوں کے خیموں پر حملہ کیا۔ تقریباً 11 افراد ہلاک

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، پناہ گزینوں کے خیموں پرکیاحملہ،11فلسطینی جاں بحق

اسرائیل نےفلسطین کے جنوبی شہر رفح میں ایک اسپتال کے قریب بے گھر شہریوں کے پناہ گزینوں کے خیموں پر حملہ کیا ۔جس میں تقریباً 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے میں اسلامی جہاد گروپ کے عسکریت پسندوں کو اسپتال کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں سڑکوں پر خون میں لت پت لاشیں دکھائی دے رہی تھیں۔

گزشتہ سال شروع ہونے والی اسرائیل۔حماس جنگ رکنے کے آثار دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ ہفتے کے روز اسرائیل نے جنوبی شہر رفح میں ایک اسپتال کے قریب بے گھر ہونے والے شہریوں کے پناہ گزینوں کے خیموں پر حملہ کیا۔ تقریباً 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ غزہ میں وزارت صحت نے بتایا کہ حملہ اماراتی اسپتال کے قریب ہوا۔

اس حملے کے درمیان اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ اسپتال کے علاقے میں اسلامی جہاد گروپ کے دہشت گردوں کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس حملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ایک بیان میں کہا کہ اماراتی میٹرنٹی اسپتال کے قریب ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک پیرامیڈک بھی شامل ہے اور بچے زخمی ہوئے ہیں۔اشرف القدرہ نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے اماراتی اسپتال کے قریب بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 11 شہری شہید اور بچوں سمیت 50 کے قریب زخمی ہوئے۔

خون میں لت پت لاشیں سڑکوں پر پڑی ہیں۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج کے مطابق سڑکوں پر خون میں لتھڑی لاشیں دکھائی دے رہی تھیں اور ہجوم جمع ہو گیا تھا۔ لوگ، زخمیوں کو بھی علاج کے لیے لے جا رہے تھے۔ زخمیوں کو رفح کے ایک کویتی اسپتال میں اسٹریچر پر لے جایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حملہ اسپتال کے علاقے کے قریب ہوا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ حملہ اسلامی جہاد کے عسکریت پسندوں کے خلاف درستگی کے ساتھ کیا گیا اور علاقے میں اسپتال کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

رفح میں15 لاکھ فلسطینیوں نے پناہ لی

اسرائیل بارہا حماس کے عسکریت پسندوں پر اسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے تاہم فلسطینی گروپ اس کی تردید کرتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 1.5 ملین فلسطینیوں نے رفح میں پناہ حاصل کی ہے، جس سے خدشہ ہے کہ اگر اسرائیل نے اس شہر پر منصوبہ بند زمینی کارروائی شروع کی تو بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوں گی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، حماس کے خلاف اسرائیل کی انتقامی فوجی کارروائی میں اب تک کم از کم 30,320 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔