لوک سبھا انتخابات کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے نیوز 18 نیٹ ورک کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے۔

کانگریس نے 1990 سے 2009 تک کیا کیا؟ اقلیتوں کو لے کر بیان پر وزیراعظم مودی کا جواب

PM Narendra Modi Exclusive Interview: لوک سبھا انتخابات کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے نیوز 18 نیٹ ورک کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے۔ اس دوران نیٹ ورک 18 کے گروپ ایڈیٹر راہل جوشی نے اقلیتوں سے متعلق دئے گئے بیان پر ان سے سوال کیا۔ یہ پوچھنے پر کہ کانگریس کہتی ہے کہ اقلیتوں کے حوالے سے اس کے منشور میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی ہے، پھر یہ چیزیں آپ کے پاس کہاں سے آئیں؟ جواب میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ کانگریس کا کردار رہا ہے۔ انہوں نے 1990 سے 2009 تک جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی بار بار اقلیتوں کا ذکر کرکے کانگریس کو گھیر رہے ہیں۔ وہ انتخابی جلسوں میں کہہ رہے ہیں کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو وہ دوسرے لوگوں کی جائیدادیں چھین کر ایک خاص طبقے میں بانٹ دے گی۔ اس بارے میں ان سے سوال کیا گیا ۔

وزیراعظم مودی سے پوچھا گیا کہ کانگریس کہتی ہے کہ انہون نے اقلیتوں کے بارے میں خاص طور پر کوئی بات نہیں کہی ہے۔ منشور میں صرف یہ لکھا ہے کہ وہ اقلیتی زمرے کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں گے اور ان کی مدد کریں گے۔ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اقلیتوں کو مواقع کا منصفانہ حصہ ملے۔ اگر ایسا ہے تو آپ اسے کیسے پڑھیں گے ؟

جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اسے پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں نے آپ کو 1990 سے اب تک کا حساب دیا ہے۔ جب آپ 1990 کا حساب دیکھیں گے تو اس کے بعد آپ مجھ سے کیا کہیں گے؟ اب مجھے اس کا تجزیہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ اگر آپ 1990 سے لے کر 2009 میں منموہن سنگھ کے بیانات تک سب کچھ دیکھیں تو اس سے آپ کیا نتیجہ اخذ کریں گے؟ میں کوئی الگ نتیجہ اخذ نہیں کر رہا ہوں۔ کوئی بھی یہی نتیجہ اخذ کرے گا کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو یہی کریں گے۔ یہ ان کا ارادہ ہے۔