کرناٹک کے شمالی کنڑ ضلع میں ایک انتہائی حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ علامتی تصویر۔

سنسنی خیز! شوہر سے ہوا جھگڑا تو ماں بن گئی حیوان، مگر مچھوں والی ندی میں پھینک آئی بیٹا

بنگلورو: کرناٹک کے شمالی کنڑ ضلع میں ایک انتہائی حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں دانڈیلی تعلقہ میں ایک 26 سالہ خاتون نے اپنے 6 سالہ بیٹے کو مگرمچھوں سے بھری ندی میں پھینک دیا۔ پھر جو ہوا وہ دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔ پولیس کے مطابق خاتون کا اپنے شوہر سے جھگڑا ہوگیا تھا، جس کے بعد اس نے غصے میں یہ خوفناک قدم اٹھایا۔ اس لڑکے کی لاش پر دانتوں کے نشانات پائے گئے جبکہ اس کا ایک ہاتھ بھی غائب تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے مگرمچھوں نے کھایا ہو گا۔

پولیس نے بتایا کہ میاں بیوی اپنے بڑے بیٹے کی حالت کو لے کر اکثر آپس میں ایک دوسرے سے لڑتے رہتے تھے۔ وہ پیدائش سے ہی بول نہیں سکتا تھا۔ ان کا ایک اور دو سال کا بیٹا بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساوتری کا 27 سالہ شوہر روی کمار اپنے بڑے بیٹے کی معذوری پر اکثر اس سے جھگڑا کرتا تھا اور اس سے سوال کرتا تھا کہ اس نے ایسے بچے کو جنم کیوں دیا۔ بعض اوقات وہ مبینہ طور پر ‘بچے کو پھینک دو’ بھی کہہ دیتا تھا۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کے روز ساوتری کا اپنے شوہر سے اسی معاملے پر پھر جھگڑا ہوا جس کی وجہ سے اس نے مبینہ طور پر اپنے بڑے بیٹے کو مگرمچھوں سے بھری ندی میں پھینک دیا۔ پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد انہوں نے مقامی لوگوں اور غوطہ خوروں کی مدد سے بچے کو بچانے کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا تاہم اندھیرا ہونے کے باعث پولیس بچے کو تلاش نہیں کر سکی۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بچے کی لاش اتوار کی صبح ملی۔ اس کے جسم پر شدید چوٹیں تھیں، کاٹنے کے نشانات تھے اور اس کا ایک ہاتھ غائب تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مگرمچھ نے بچے کا شکار کیا ہوگا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ افسر نے بتایا کہ ہم نے معاملہ درج کر کے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا ہے۔