سسودیا کی عبوری ضمانت کی درخواست پر 20 اپریل کو سماعت ہوگی۔

Manish Sisodia: منیش سسودیا نے داخل کی ضمانت کی عرضی،اب 20اپریل کو ہوگی سماعت

نئی دہلی:عدالت نے منیش سسودیا کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ نے عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ دہلی شراب گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار منیش سسودیا نے لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی۔ راؤس ایونیو کورٹ نے جمعہ کو ان کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے منیش سسودیا کی درخواست پر سی بی آئی اور ای ڈی کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا ہے۔ اب سسودیا کی عبوری ضمانت کی درخواست پر 20اپریل کو سماعت ہوگی۔

دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے لوک سبھا انتخابات کی مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے اس سلسلے میں راؤس ایونیو کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ ان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے خصوصی جج نے تحقیقاتی ایجنسیوں ای ڈی اور سی بی آئی کو جواب داخل کرنے کا وقت دیتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی۔

 

یاد رہے کہ منیش سسودیا نے حال ہی میں اپنے رشتہ دار کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے ضمانت کی درخواست کی تھی جسے قبول کر لیا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر انہوں نے عبوری ضمانت کا مطالبہ کیا ہے۔

منیش سسودیا نے راؤس ایونیو کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں اپنی بھانجی کی شادی میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت کا مطالبہ کیا تھا۔ منیش سسودیا اور تفتیشی ایجنسیوں کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے آپ کے سینئر لیڈر منیش سسودیا کو تین دن کی ضمانت دے دی۔ اس وقت کے خصوصی جج ایم ناگپال نے منیش سسودیا کو 2 لاکھ روپے کا ذاتی بانڈ اور اتنی ہی رقم ضمانت کے طور پر جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ منیش سسودیا کو گزشتہ سال 26 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا تب سے وہ جیل میں ہیں۔ تاہم اس دوران انہوں نے کئی بنیادوں پر ضمانت کا مطالبہ کیا تھا جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔