Tag Archives: Defence minister

’پی او کے ‘کو دوبارہ کیسے حاصل کریگاہندوستان؟ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے بتایا یہ پلان

نئی دہلی:وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان ،پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (PoK) پر اپنے دعوے سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی او کے پر طاقت کے ذریعے قبضہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ وہاں کے لوگ خود کشمیر میں ترقی کو دیکھ کر ہندوستان میں شامل ہونا چاہیں گے۔

راج ناتھ سنگھ نے پی ٹی آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ جموں و کشمیر میں زمینی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے اور ایک وقت آئے گا جب مرکز کے زیر انتظام علاقے میں AFSPA (آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ) کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم وزیر دفاع نے کہا کہ یہ معاملہ مرکزی وزارت داخلہ کے تحت ہے اور وہ مناسب فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات ضرور ہوں گےلیکن انہوں نے اس کے لیے کوئی وقت کی حد نہیں بتائی۔

 

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں زمینی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے،مجھے لگتا ہے کہ ہندوستان کو کچھ نہیں کرنا پڑے گا۔ جس طرح سے جموں و کشمیر میں زمینی صورتحال بدلی ہے، جس طرح سے خطے میں اقتصادی ترقی ہو رہی ہے اور جس طرح سے وہاں امن لوٹا ہے، مجھے لگتا ہے کہ پی او کے کے لوگوں کی طرف سے ان کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ ہو گا۔ انہوں نے کہا، ‘ہمیں پی او کے پر قبضہ کرنے کے لیے طاقت کا استعمال نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ لوگ کہیں گے کہ ہمیں ہندوستان کے ساتھ الحاق کر لینا چاہیے۔ ایسے مطالبات اب اٹھ رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے زور دیا، ‘پی او کے ہمارا تھا، ہے اور ہمارا رہے گا۔’

جموں و کشمیر میں زمینی صورتحال میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہاں جلد ہی اسمبلی انتخابات ہوں گے، لیکن انہوں نے اس کے لیے کوئی آخری تاریخ نہیں بتائی۔ انہوں نے کہا، ‘جموں و کشمیر میں جس طرح سے حالات بہتر ہو رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب وہاں افسپا کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ میری رائے ہے اور اس پر فیصلہ وزارت داخلہ کو کرنا ہے۔

یادرہے کہ AFSPA سیکورٹی فورسز کو آپریشن کرنے اور بغیر کسی پیشگی وارنٹ کے کسی کو گرفتار کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ اگر کوئی سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں گولی لگنے سے مر جاتا ہے، تو ایسی صورت میں افسپا انہیں سزا سے مستثنیٰ قرار دیتا ہے۔ جموں و کشمیر میں پاکستان کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اسلام آباد کو سرحد پار دہشت گردی کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ‘وہ ہندوستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔’