خواجہ کی نگری اجمیر کے کنچن نگر خان پورہ علاقے میں واقع مسجد کے مولانا کا نامعلوم شرپسندوں نے ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔

راجستھان کے اجمیر میں مولانا کا قتل، 3 نقاب پوشوں نے مسجد میں پیٹ پیٹ کر مار ڈالا، علاقہ میں کشیدگی

اجمیر : خواجہ کی نگری اجمیر کے کنچن نگر خان پورہ علاقے میں واقع مسجد کے مولانا کا نامعلوم شرپسندوں نے ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مولانا 2 دن پہلے ہی مسجد پہنچے تھے۔ وہ مسجد میں ہی بچوں کے ساتھ سو رہے تھے ۔ فی الحال قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی رام گنج تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ کے مکینوں اور سوسائٹی کے دیگر لوگ بھی مسجد پہنچ گئے۔ وہ پولیس سے اس معاملے میں مناسب کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مقامی رہائشی حاجی محمد شریف عباسی نے بتایا کہ کنچن نگر خان پور دورائی علاقے میں واقع محمدی مدینہ مسجد کے مولانا محمد ماہر دو روز قبل ہی اجمیر آئے تھے۔ ان کے ساتھ چھ نابالغ بچے بھی تھے جنہیں وہ پڑھاتے تھے ۔ جمعہ کی سہ پہر تقریباً 3.30 بجے تین نقاب پوش بدمعاش پچھلے دروازے سے مسجد میں داخل ہوئے۔ بدمعاشوں نے بچوں کو ڈرا دھمکا کر باہر نکال دیا۔ اس کے بعد شرپسندوں نے مولانا محمد ماہر کا لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔

معاملے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ کے مکین موقع پر پہنچے لیکن تب تک تینوں بدمعاش موقع سے فرار ہو چکے تھے۔ لوگوں نے فوراً اس کی اطلاع رام گنج تھانے کو دی۔ اس پر تھانہ انچارج رویندر سنگھ پولیس اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اجمیر ساؤتھ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی موقع پر پہنچے اور پورے معاملے کی جانکاری لی۔

پولیس نے ایف ایس ایل ٹیم کو موقع پر طلب کر لیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس کو قریب ہی جھاڑیوں میں دو لاٹھیاں ملی ہیں۔ ڈاگ اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مولانا محمد ماہر دو ماہ قبل ہی مسجد کے مولانا بنے تھے۔ وہ 7 سال قبل یوپی سے اجمیر کنچن نگر میں واقع مدینہ مسجد میں پڑھانے آئے تھے۔

 

مولانا کو کیوں قتل کیا گیا؟ اس کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس پاس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالنے میں مصروف ہے۔ یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ شرپسند کون تھے۔ پولیس نے مولانا کی لاش کو جے ایل این اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھا ہے۔ وہیں لاش کا پوسٹ مارٹم کر کے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔