لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

اسرائیل ۔حماس جنگ:فضائی حملے میں حزب اللہ کااعلیٰ کمانڈر ہلاک، حماس کے 30 ٹھکانوں پر اسرائیلی حملے

اسرائیل حماس جنگ اسرائیل نے گذشتہ رات غزہ میں حماس کے ٹھکانوں اور لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے۔ پیر کو اسرائیل نے شام میں موجود ایران اور حزب اللہ کے ٹھکانوں اور اسلحہ خانوں پر بھی حملہ کیا۔اسرائیلی فوج نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ حزب اللہ کے سینئر کمانڈر وسام الطویل کی لبنان میں ایک فضائی حملے میں ہلاکت کی اطلاع ہے۔وسام الطویل سرحد کے قریب ڈرون حملے میں اس وقت ہلاک ہوگئے جب وہ گاڑی میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ سفر کررہے تھے۔

حزب اللہ نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو بھاری قیمت چکانے کی دھمکی دی ہے۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 249 جبکہ 510 افراد زخمی ہوئے۔ یہ رواں سال میں ایک دن میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے دورہ اسرائیل سے پہلے غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو بلنکن اس جنگ کی گرمی کو کم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں تھے۔ اتوار کی شب جبالیہ کے علاقے میں پناہ گزینوں سے بھری چار منزلہ عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں 70 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اس کے فضائی حملوں نے غزہ میں حماس کے 30 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان میں خان یونس میں حماس کا زیر زمین بیس اور اسلحہ خانہ بھی شامل تھا۔ اس دوران حماس کے دس جنگجو بھی ڈرون حملے میں مارے گئے جو اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔

خان یونس میں ایک کثیر المنزلہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس میں حماس کے جنگجو موجود تھے اور ان میں سے ایک چھت سے اسرائیلی فوج کی جاسوسی کر رہا تھا۔ وسطی غزہ میں ایک سرنگ کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں اسلحے کے ذخیرے اور امریکی کرنسی کے ساتھ جنگجو موجود تھے۔ میغاجی میں حماس کے ایک اسلحہ خانے کو نشانہ بنایا گیا جس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی تھے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے رات کے وقت جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے متعدد ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ جن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، ان میں سب سے اہم ماروین گاؤں میں حزب اللہ کا فوجی اڈہ تھا۔ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملوں میں اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز نے بھی حصہ لیا۔