پاکستان کرکٹ بورڈ ایک الگ قسم کے بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ ٹیم کا اعلان بھی نہیں کر پا رہا ہے۔ (AP)

پاکستان کرکٹ عجیب بحران میں، نہیں کرپایا ٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم کا اعلان، جانئے اب کیا ہوگا؟

نئی دہلی : پاکستان کرکٹ بورڈ ایک الگ قسم کے بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ ٹیم کا اعلان بھی نہیں کر پا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کچھ کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی سے متعلق مسائل کے باعث اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان مئی کے آخر تک ملتوی کر دیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان 23 یا 24 مئی کو اپنے T20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کرے گا، جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ورلڈ کپ ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت کے بغیر ٹیموں میں تبدیلیاں کرنے کیلئے مقرر وقت کی حد بھی ہے ۔

انتظامیہ اور سلیکٹرز کو محمد رضوان، اعظم خان، عرفان خان نیازی اور حارث رؤف کی معمولی انجری پر تشویش ہے اور وہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ان کی پرفارمنس پر نظر رکھیں گے۔

پی سی بی سلیکٹرز جمعرات کو دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان کریں گے۔ ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کرنے سے قبل منتخب کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ اب تک ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اپنی ورلڈ کپ ٹیموں کا اعلان کر چکے ہیں۔

پی سی بی ذرائع نے کہا کہ اس (تاخیر) سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ سبھی ممالک 24 مئی تک اپنی پوری ٹیم تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے ہی فٹنس یا انجری کی بنیاد پر تبدیلیوں کی اجازت دی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے پی سی بی اور سلیکٹرز نے انگلینڈ میں پہلے میچ تک انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔