IND VS AUS : والد کی موت کے باوجود ٹیم انڈیا کے ساتھ ڈٹے رہے محمد سراج ، اب پلیئنگ الیون میں ملی جگہ

ہندوستان نے ایڈیلیڈ ٹسٹ میں ملی زبردست شکست کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سنیچر سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے اپنی ٹیم میں زبردست تبدیلی کی ہے۔ سلامی بلے باز شبھمن گل اور تیزگیند باز محمدسراج اپنا ڈیبیو کریں گے جبکہ آل راونڈر رویندر جڈیجہ اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ہندوستان کو ایڈیلیڈ میں پہلے ڈے نائٹ ٹسٹ میں آٹھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کی دوسری اننگز ٹسٹ تاریخ میں اپنے کمترین اسکور 36 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اس شرمندگی کی وجہ سے ٹیم انڈیا کو اپنی ٹیم میں چار تبدیلی کرنی پڑی ہے۔ سلامی بلے باز پرتھوی شاہ کو اپنی خراب کارکردگی کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کی جگہ ٹیم میں نوجوان سلامی بلے باز گل کو موقع دیا گیا ہے۔

تیزگیند باز محمد سمیع کے زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوجانے کی وجہ سے ان کی جگہ سراج کو ڈیبیو کرنے کا موقع دیا جارہا ہے۔ اس طرح یہ دونوں کھلاڑی ہندوستان کے لئے ٹسٹ میں ڈیبیو کرنے والے 297 ویں اور 298 ویں کھلاڑی بنیں گے۔ جڈیجہ اپنی چوٹ سے نجات حاصل کرچکے ہیں اور وہ گیندبازی اور بلے بازی میں ٹیم انڈیا کو مضبوطی دیں گے۔

پرتھوی شاہ کی طرح تجربہ کار وکٹ کیپر ردھمان ساہا کو بھی ایڈیلیڈ ٹسٹ میں مایوس کن کارکردگی کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ ساہا کو باہر کرکے ان کی جگہ پنت کو موقع دیا گیا ہے۔ پنت نے پہلے ٹسٹ سے پہلے دوسرے ڈے نائٹ پریکٹس میں طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے سنچری بنائی تھی ۔ پنت کا اس سال کے شروع میں نیوزی لینڈ دورے کے بعد یہ پہلا بین الاقوامی میچ ہوگا۔

ہندوستان اور آسٹریلیا کے بیچ 100 واں ٹیسٹ مقابلہ

ہندوستان اور آسٹریلیا سنیچر کے روز میلبورن میں باکسنگ ڈے میں اترنے کے ساتھ ہی 100 ٹسٹ میچ مکمل ہوجائیں گے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے بیچ یہ مقابلہ دونوں ممالک کے درمیان 100 واں ٹسٹ ہوگا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا اور انگلینڈ 351 ٹسٹ، ویسٹ انڈیز، اور انگلینڈ 160 ٹسٹ ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ 153 ٹسٹ، انگلینڈ اور ہندوستان 122 ٹسٹ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز 116 ٹسٹ اور انگلینڈ اور نیوزی لینڈ 105 ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔

آسٹریلیا کی سرزمین پر ہندوستان اور آسٹریلیا 50 واں ٹسٹ کھیلیں گے۔ آسٹریلیا میں اب تک کھیلے گئے 49 ٹسٹ میچوں میں میزبان ٹیم نے 30 میں جیت، سات میں شکست جبکہ 12 میچ ڈرا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے بیچ اب تک کھیلے گئے 99 ٹسٹ میچوں میں ہندوستان نے 28 میں جیت حاصل کی ہے جبکہ 43 میں شکست اور 27 میچ ڈرا رہے ہیں۔