اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو امریکہ کے اس ممکنہ اقدام سے چراغ پا ہیں۔ فائل فوٹو ۔

اسرائیل کے خلاف امریکہ نے ٹیڑھی کی آنکھیں، پہلی بار اٹھائے گا ایسا سخت قدم، نیتن یاہو چراغ پا

تل ابیب : اسرائیلی فوج پر فلسطین کے مغربی کنارے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ ایسے میں اب یہ خبر ہے کہ امریکہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے ایک یونٹ پر شہریوں کو نشانہ بنانے پر پابندیوں کا اعلان کر سکتا ہے۔ ایکسیو نیوز سائٹ نے ہفتہ کو یہ خبر دی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ بائیڈن انتظامیہ کی اسرائیلی فوجی دستے کے خلاف پہلی کارروائی ہوگی۔

اسرائیلی فوج کے اس دستے کا نام نیتزاہ یہودا بٹالین ہے۔ نیوز ویب سائٹ ایکسیو نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ لیہی قوانین کے تحت نیتزا یہودا فوجی امریکی فوجیوں کے ساتھ تربیت نہیں لے پائیں گے یا امریکی فنڈنگ ​​کے ساتھ کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان پابندیوں سے بٹالین میں امریکی ہتھیاروں کی منتقلی پر بھی روک لگ جائے گی۔

نیتزاہ یہودا فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے حوالے سے کئی دنوں سے تنازعات میں گھری رہی ہیں۔ اس میں 78 سالہ فلسطینی نژاد امریکی شہری عمر اسد کی موت بھی شامل ہے جن کی بٹالین کے سپاہیوں کے ذریعہ حراست میں لیے جانے کے بعد موت ہوگئی تھی ۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق انہیں ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور آنکھوں پر پٹی باندھی گئی اور شدید سردی میں باہر چھوڑ دیا گیا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔

اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو امریکہ کے اس ممکنہ اقدام سے چراغ پا ہیں۔ انہوں نے اس طرح کی کارروائی کو ‘بے تکے پن اور اخلاقی گراوٹ کی انتہا’ قرار دیا ہے۔ نیتن یاہو نے ٹویٹ کیا کہ اسرائیل کی دفاعی افواج پر پابندیاں نہیں لگائی جانی چاہئیں! حالیہ ہفتوں میں، میں اسرائیلی شہریوں پر پابندیاں عائد کرنے کے خلاف کام کر رہا ہوں، جس میں امریکی حکومت کے سینئر حکام کے ساتھ میری بات چیت بھی شامل ہے۔