وقف ٹریبونل کے قیام کا معاملہ پہنچا ہائی کورٹ

دہلی میں وقف ٹریبونل کےقیام کامعاملہ پہنچا ہائی کورٹ، عدالت نےریاستی حکومت سےمانگاجواب

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو دہلی حکومت سے وقف ایکٹ کے تحت وقف یا وقف املاک سے متعلق تنازعات سے نمٹنے کے لیے ایک ٹریبونل کی تشکیل کی درخواست پر جواب طلب کیا۔ یہ درخواست کناٹ پلیس کے علاقے میں واقع مسجد اور درگاہ عبدالسلام کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں یہ دلیل دی گئی ہے کہ ٹربیونل (جو وقف ایکٹ کی دفعہ 84 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے) نے آخری بار اپریل 2022 میں کام کیا تھا۔ اپریل 2022 میں، ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج، جو ٹربیونل کے سابق رکن تھے، کو وقف ٹریبونل سے دوسری عدالت میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ ان کی جگہ اسٹیٹ جوڈیشل سروس کے ایک اور رکن نے چارج سنبھال لیا۔

درخواست میں کیا کہا گیا ہے

تاہم، بعد میں ٹریبونل کو کام کرنے کی اجازت دینے کے لیے کوئی ضروری نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، جیسا کہ عدالت کو بتایا گیا تھا۔عرضی میں کہا گیاہےکہ مطلوبہ نوٹیفکیشن جاری کرنے میں دہلی حکومت کی ناکامی نے نہ صرف وقف ٹریبونل کے سامنےزیرالتواء معاملات میں اضافہ ہوتاجارہاہے۔ جس کے نتیجے میں وقف بورڈ کے معاملات کو لیکر عرضی گذار ہائی کورٹ سے رجوع ہورہے ہیں تاکہ فوری عبوری ریلیف کے حصول کے لیے درخواست گزاروں کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ‘درخواست گزار (مسجد اور درگاہ عبدالسلام) وقف ٹریبونل کے سامنے ریفرنس کے تحت وقف کمپلیکس کے کچھ حصوں سے متعلق مختلف مقدموں کے فریق ہیں۔ تاہم، وقف ایکٹ 1995 کی دفعہ 83 (1) کے تحت ضروری نوٹیفکیشن کی عدم موجودگی میں، ان تمام مقدمات کی سماعت اچانک رک گئی ہے، جس سے درخواست گزار کو شدید جھٹکا لگاہے۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ وجیہہ شفیق پیش ہوئے۔