ایس پی سپریمو اکھلیش یادو قنوج لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔

ایس پی سپریمو اکھلیش یادو اس سیٹ سے لڑیں گے الیکشن، کل دوپہر 12 بجے داخل کریں گے پرچہ نامزدگی

لکھنؤ : ایس پی سپریمو اکھلیش یادو قنوج لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمعرات کو دوپہر 12 بجے داخل کریں گے۔ اس سے پہلے ایس پی نے تیج پرتاپ یادو کو قنوج سے اپنا امیدوار بنایا تھا۔ اب اکھلیش یادو اس سیٹ سے الیکشن لڑیں گے ۔ دو دن پہلے ہی سماج وادی پارٹی نے بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کے داماد تیج پرتاپ یادو کو قنوج سے ٹکٹ دیا تھا۔ تیج پرتاپ یادو اکھلیش کے بھتیجے ہیں۔ تیج پرتاپ آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے ہی والے تھے، لیکن اسے ملتوی کردیا گیا۔ اب اکھلیش یادو جمعرات کو قنوج لوک سبھا سیٹ کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔

بتادیں کہ اس سے پہلے قنوج سے الیکشن لڑنے کے سوال کے جواب میں اکھلیش نے کہا تھا کہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے وقت آپ کو خود پتہ چل جائے گا۔ آپ سب کو کاغذات نامزدگی کے بارے میں پیشگی معلومات ہیں۔ عوام نے اپنا ذہن بنا لیا ہے اور بی جے پی اس الیکشن میں تاریخ بن جائے گی۔

ایس پی کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن رام گوپال یادو نے اعلان کیا کہ اکھلیش یادو قنوج سے ہی الیکشن لڑیں گے۔ دراصل تیج پرتاپ یادو کی امیدواری کا اعلان ہوتے ہی ایس پی کی مقامی اکائی احتجاج کیا تھا۔

اتنا ہی نہیں قنوج کے ایس پی لیڈروں نے اکھلیش سے ملاقات کرکے اپنا احتجاج درج کرایا تھا۔ مقامی کارکنوں اور مقامی یونٹ کے ان پٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایس پی نے قنوج سے تیج پرتاپ کی جگہ اکھلیش یادو کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔