اتراکھنڈ اسمبلی میں طویل بحث کے بعد بدھ کو یکساں سول کوڈ (یو سی سی) بل کو اکثریت کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔

اتراکھنڈ میں یو سی سی بل ہوگیا پاس، اسمبلی میں اکثریت کے ساتھ منظور

دہرادون: اتراکھنڈ اسمبلی میں طویل بحث کے بعد بدھ کو یکساں سول کوڈ (یو سی سی) بل کو اکثریت کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔ منگل کو وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی نے یو سی سی بل پیش کیا تھا اور پھر اس پر بحث شروع ہوئی۔ یو سی سی بل پر دو دن کی بحث کے بعد آج اسے منظور کر لیا گیا ہے۔ اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد یو سی سی بل اب قانون بن گیا ہے۔ بتادیں کہ اتراکھنڈ UCC کو لاگو کرنے والی پہلی ریاست بن گئی ہے۔

بل پاس ہونے کے بعد وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ یہ قانون برابری، یکسانیت اور مساوی حقوق کے بارے میں ہے۔ اس حوالے سے کئی شکوک و شبہات تھے لیکن اسمبلی میں دو دن کی بحث کے بعد سب کچھ واضح ہو گیا۔ یہ قانون کسی کے خلاف نہیں ہے۔

پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ یہ ان خواتین کے لئے ہے جنہیں سماجی اصولوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے ان کا اعتماد مضبوط ہوگا۔ یہ قانون خواتین کی مجموعی ترقی کے لئے ہے۔ بل پاس ہو چکا ہے۔ اب ہم اسے صدر کو بھیجیں گے۔ صدر کے دستخط ہوتے ہی یہ ریاست میں قانون بن جائے گا۔

پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ وہ کمیٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ تقریباً 10 ہزار لوگوں سے براہ راست بات کی گئی۔ مسودے کا جائزہ لیا گیا اور پھر پیش کیا گیا۔ میں عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم مودی کا خصوصی شکریہ۔ اب ہم اسے صدر کے پاس بھیجیں گے اور ان کی منظوری کے بعد ہم اسے قانون کے طور پر نافذ کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی میں فرقہ وارانہ تشددکاخدشہ،پولیس الرٹ، جمعہ کےدن مساجدپرخصوصی انتظامات

یہ بھی پڑھئے: سرحدپارکرکے کشمیری خاتون پہنچی پاکستان، اہل خانہ نےحکومت ہند سے مانگی مدد

یکساں سول کوڈ کا مطلب ہے کہ پورے ملک میں ہر مذہب، ذات، فرقہ، طبقے کے لیے یکساں قوانین ہیں۔ دوسرے لفظوں میں یونیفارم سول کوڈ کا مطلب ہے کہ پورے ملک کے لیے یکساں قانون کے ساتھ ساتھ تمام مذہبی برادریوں کے لیے شادی، طلاق، وراثت، گود لینے کے قوانین یکساں ہوں گے۔