دہشت گردانہ حملے کے بعد علاقے میں اضافی سیکورٹی فورسز بھیج دی گئی ہے ۔ (PTI)

پونچھ میں فضائیہ کے قافلہ پر دہشت گردانہ حملہ، فائرنگ میں ایک جوان کی موت، کئی زخمی

سری نگر : جموں کے سورنکوٹ میں فضائیہ کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی خبر سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حملے میں ایک فوجی جوان شہید اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حملے کی جگہ پر فوج پہنچ گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سورنکوٹ میں دہشت گردوں کی بھاری فائرنگ کی زد میں آکر ہندوستانی فضائیہ کے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔ وہ دو گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے۔ اس علاقے میں اس سال مسلح افواج پر یہ پہلا بڑا حملہ ہے ۔

دہشت گردانہ حملے کے بعد علاقے میں اضافی سیکورٹی فورسز بھیج دی گئی ہے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حملے کے بعد لی گئی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آنے والی گاڑی کی ونڈ اسکرین پر گولیوں کے کم از کم ایک درجن سوراخ دکھائی دئے۔

مقامی راشٹریہ رائفلز یونٹ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ گاڑیوں کو شاہستار کے پاس جنرل ایریا میں ہوائی اڈے کے اندر محفوظ کر دیا گیا ہے۔ حملے میں ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ واقعے کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار ہے۔ فضائیہ کے قافلے پر شام 6 بج کر 15 منٹ پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ سورنکوٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں سنئی کے بیکربل محلہ کے پاس جرولی سے شاستر کی طرف جا رہا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ جوان فضائیہ سہولت مرکز کی طرف جا رہے تھے جب ان پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ پونچھ اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے، جہاں چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔