وزیراعظم نے تقریباً 7 بجے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X کے ذریعے ووٹنگ پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ (BJP4Media/X)

اپوزیشن کو مایوس کرنے جا رہا این ڈی اے… دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ کے بعد وزیراعظم مودی کا پیغام، جانئے کیا کہا؟

نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ 13 ریاستوں میں 88 سیٹوں پر ووٹنگ کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کا اس حوالے سے ٹویٹ بھی سامنے آیا۔ وزیراعظم نے تقریباً 7 بجے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X کے ذریعے ووٹنگ پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ وزیراعظم نے لکھا : دوسرا مرحلہ بہت اچھا رہا! ہندوستان بھر کے لوگوں کا شکریہ جنہوں نے آج ووٹ دیا۔ این ڈی اے کو مل رہی بے مثال حمایت اپوزیشن کو مزید مایوس کرنے والی ہے۔ ووٹر این ڈی اے کی اچھی حکمرانی چاہتے ہیں۔ نوجوان اور خواتین ووٹر این ڈی اے کو بھرپور حمایت دے رہے ہیں۔

آج شام 5 بجے تک مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ میں 72 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان میں 59 فیصد، منی پور اور تریپورہ میں 52.64 فیصد اور 76 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب شام 5 بجے تک بہار میں 53 فیصد، مہاراشٹر میں 53.51 فیصد، آسام میں 70.66 فیصد اور مدھیہ پردیش میں 55 فیصد ووٹنگ ہوئی۔


وزیر اعظم نے آج بریلی میں ایک کلومیٹر طویل روڈ شو کیا اور راستے میں کھڑے پرجوش ہجوم نے ہاتھ ہلا کر ان کا استقبال کیا۔ پھولوں سے سجے ہوئے رتھ کی طرح سجی بھگوا رنگ کی گاڑی پر کھڑے مودی نے بی جے پی کا انتخابی نشان کمل کو تھام رکھا تھا، جب سڑک کے کنارے کھڑے ہجوم نے پھولوں سے ان کا استقبال کیا۔

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بریلی لوک سبھا کے امیدوار چھترپال گنگوار وزیر اعظم کے ساتھ رتھ میں موجود تھے۔ مغربی اتر پردیش کے روہیل کھنڈ علاقے کے وسط میں واقع بریلی کو بی جے پی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اس بار پارٹی نے چھترپال گنگوار کو ٹکٹ دیا ہے۔ پارٹی کے مقامی قائدین نے بتایا کہ روڈ شو کا آغاز راجندر نگر علاقہ سے ہوا۔ سات مرحلوں والے لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو بریلی میں ووٹنگ ہوگی۔