بائیں ہاتھ کی بلے باز بسمہ معروف نے 2006 میں ہندوستان کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور پاکستان کے لیے 276 بین الاقوامی میچز کھیلے۔ (Bismah/x)

ہندوستان کے خلاف ڈیبیو… ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی کھلاڑی نے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان

نئی دہلی : پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ بسمہ کے اچانک ریٹائرمنٹ کے اعلان سے کرکٹ کی دنیا حیران ہے۔ 32 سالہ بسمہ نے لیگ کرکٹ میں خود کو دستیاب رکھا ہے۔ بسمہ نے فٹنس وجوہات کی بنا پر 2020 میں اور بیٹی کی پیدائش کے بعد 2021 میں کرکٹ سے طویل بریک لیا تھا۔ نیوزی لینڈ میں 2022 ورلڈ کپ میں اپنی بیٹی کو ساتھ لے جانے والی بسمہ نے کافی سرخیاں بٹوری تھیں۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر تھیں جنہوں نے تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی زچگی کی چھٹی حاصل کی تھیں۔

بائیں ہاتھ کی بلے باز بسمہ معروف نے 2006 میں ہندوستان کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور پاکستان کے لیے 276 بین الاقوامی میچز کھیلے۔ انہوں نے 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف T20 کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 33 نصف سنچریوں سمیت 6262 بین الاقوامی رنز بنائے اور لیگ اسپن بولنگ سے 80 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی بہترین خواتین کرکٹرز میں سے ایک بسمہ نے 136 ون ڈے میچوں میں 3369 رنز بنائے۔ اس دوران ان کا اوسط 29.55 کا رہا۔ انہوں نے 21 نصف سنچریاں بنائیں۔ ان کا بہترین اسکور 99 رنز رہا۔ بسمہ کے نام 140 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 2893 رنز ہیں۔ بسمہ نے ٹی ٹوئنٹی میں 12 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔

بسمہ معروف نے کہا کہ میں اس کھیل کو الوداع کہہ رہی ہوں جو مجھے سب سے زیادہ پسند ہے۔ یہ ایک شاندار سفر رہا ہے جس میں ہم نے کئی چیلنجز، فتوحات اور یادگار لمحات دیکھے ہیں۔ میں اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے اس سفر میں میرا ساتھ دیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کروں گی۔

بسمہ معروف نے 50 اوور کے چار ورلڈ کپ (2009، 2013، 2017 اور 2022) کھیلے اور 2022 میں ٹیم کی کپتان بھی رہیں۔ انہوں نے 2009 اور 2023 کے درمیان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 8 ورلڈ کپ کھیلے اور 2020 اور 2023 میں ٹیم کی کپتان رہیں۔ بسمہ نے کل 96 میچوں میں کپتانی کی جس میں 62 ٹی ٹوئنٹی اور 34 ون ڈے انٹرنیشنل شامل ہیں۔ ان کی کپتانی میں بسمہ نے ٹی ٹوئنٹی میں 27 اور ون ڈے میں 16 میچ جیتے۔