وزیراعظم مودی نے پیر کو برہم پور، اوڈیشہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا ۔

دہلی میں بیٹھا بھگوان جگن ناتھ کا بیٹا ہی کرے گا کام، وزیراعظم مودی نے کانگریس اور BJD کو گھیرا

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیوں کے درمیان وزیراعظم مودی نے آج یعنی پیر کو برہم پور، اوڈیشہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا اور اپوزیشن پر جم کر نشانہ سادھا ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ اوڈیشہ کو جلد ہی پہلی بار ‘ڈبل انجن’ والی حکومت ملے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بی جے ڈی لیڈروں نے اوڈیشہ کو لوٹا۔ اوڈیشہ کو پہلے کانگریس اور پھر بی جے ڈی لیڈروں نے لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں جو بھگوان جگن ناتھ کا بیٹا بیٹھا ہے وہ ضرور کام کرے گا۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ اس بار اوڈیشہ میں ایک ساتھ دو یگیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ایک یگیہ ہندوستان میں ملک میں ایک مضبوط حکومت بنانے کے لئے ہے۔ اور دوسرا یگیہ اوڈیشہ میں بی جے پی کی قیادت میں ایک مضبوط ریاستی حکومت بنانا ہے۔ آج میں اوڈیشہ بی جے پی کو بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ اوڈیشہ بی جے پی نے اوڈیشہ کی امنگوں، یہاں کے نوجوانوں کے خوابوں اور یہاں کی بہنوں اور بیٹیوں کی صلاحیتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک بہت ہی بصیرت والا سنکلپ پتر جاری کیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ بی جے پی جو بھی کہتی ہے، وہ کرتی ہے۔ اس لیے یہاں حکومت بننے کے بعد ہم سنکلپ پتر میں کیے گئے اعلانات کو پوری طاقت کے ساتھ نافذ کریں گے۔ یہ مودی کی گارنٹی ہے۔ یہاں بی جے ڈی حکومت کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ 4 جون لکھی گئی ہے۔ آج 6 مئی ہے، بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کا فیصلہ 6 جون کو ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب 10 جون کو بھونیشور میں ہوگی۔ میں آج بی جے پی حکومت کے وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری میں سبھی کو مدعو کرنے آیا ہوں۔