بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوک سبھا انتخابات-2024 کے لیے امیدواروں کی 10ویں فہرست جاری کر دی ہے۔

لوک سبھا انتخابات 2024 : بی جے پی نے جاری کی امیدواروں کی 10 ویں فہرست

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوک سبھا انتخابات-2024 کے لیے امیدواروں کی 10ویں فہرست جاری کر دی ہے۔ اس میں 9 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی نے آسنسول سیٹ کے لیے نیا امیدوار دیا ہے۔ اس سے پہلے بھوجپوری فلم سپر اسٹار پون سنگھ کو اس سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا تھا، لیکن انہوں نے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا تھا۔ اب ان کی جگہ ایس ایس اہلووالیا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چنڈی گڑھ سے کرن کھیر اور پریاگ راج سے ریتا بہوگنا جوشی کا ٹکٹ اس بار منسوخ کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی نے ان سیٹوں پر نئے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور ہیڈکوارٹر انچارج ارون سنگھ نے بی جے پی امیدواروں کی 10ویں فہرست جاری کی ہے۔ چنڈی گڑھ سے موجودہ ایم پی کرن کھیر کا ٹکٹ اس بار کاٹا گیا ہے۔ ان کی جگہ بی جے پی نے سنجے ٹنڈن کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے اس بار پریاگ راج لوک سبھا سیٹ کے امیدواروں کو بھی تبدیل کردیا ہے۔ ریتا بہوگنا جوشی یہاں سے بی جے پی کی موجودہ رکن پارلیمنٹ ہیں، لیکن اس بار بی جے پی نے نیرج ترپاٹھی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ بتادیں کہ الہ آباد لوک سبھا سیٹ کا شمار ہمیشہ وی وی آئی پی پارلیمانی حلقوں میں ہوتا ہے۔ اس لوک سبھا سیٹ نے ملک کو کئی وزیر اعظم دیے ہیں۔

سبھی کی نظریں مغربی بنگال کی آسنسول لوک سبھا سیٹ پر مرکوز تھیں۔ بی جے پی نے پہلے بھوجپوری فلم سپر اسٹار پون سنگھ کو یہاں سے اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا، لیکن پون سنگھ نے الیکشن لڑنے سے انکار کردیا تھا۔ ایسے میں بی جے پی کو اس سیٹ سے اپنے امیدوار بدلنے پڑے ہیں۔ بی جے پی کی طرف سے جاری کردہ 10ویں فہرست میں ایس ایس اہلووالیا کو آسنسول لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

بی جے پی نے امیدواروں کی 10ویں فہرست میں اتر پردیش کی 7 لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ بلیا سیٹ سے نیرج شیکھر، مچھلی شہر (محفوظ) سے بی پی سروج، غازی پور سے پارس ناتھ رائے، مین پوری سے جیویر سنگھ ٹھاکر، کوشامبی سے ونود سونکر، پھول پور سے پروین پٹیل اور پریاگ راج سے نیرج ترپاٹھی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

بتا دیں کہ منوج سنہا گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں غازی پور سے بی جے پی کے امیدوار تھے۔ وہیں ریتا بہوگنا جوشی پریاگ راج سے بی جے پی کی موجودہ ایم پی ہیں۔