ایران نے اسرائیل پر 200 سے زیادہ ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔ تصویر: اے پی ۔

Iran-Israel War: ایران نے اقوام متحدہ کو دی اسرائیل پر حملے کی اطلاع، 10 پوائنٹس میں جانئے تازہ اپ ڈیٹس

نئی دہلی : جس فوجی تصادم کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا وہ اتوار کو سچ ہو گیا۔ چند روز قبل اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں واقع ایرانی ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا تھا۔ جس میں ایران کے اعلیٰ کمانڈر کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد تہران نے سنگین نتائج بھگتنے کی وارننگ دی تھی ۔ اب ایران کی یہ وارننگ سچ ثابت ہوگئی ہے۔ ایران نے اسرائیل پر فضائی حملے میں 250 سے زائد میزائلیں داغیں۔ ساتھ ہی درجنوں ڈرونز سے بھی حملے کئے گئے۔

ایران کی جانب سے اسرائیل پر کئے گئے حملے کی 10 خاص باتیں

1- اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل رکن نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو خط لکھ کر اسرائیلی فوجی اڈوں پر فضائی حملے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔ تہران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتے ہوئے اسے اپنے دفاع کے حق کے تحت اٹھایا گیا قدم قرار دیا ہے۔

2- ایران نے اسرائیل پر 200 سے زیادہ ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر کو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا گیا اور اسے بے اثر کر دیا گیا۔

3- اسرائیل کو ایرانی حملے سے بچانے کے لیے امریکی اور برطانوی فضائیہ سرگرم ہوگئی ہے۔ ایرانی حملے کو ناکام بنانے کی کوششیں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔

4- کہا جاتا ہے کہ جنوبی اسرائیل میں واقع فوجی اڈے کو ‘معمولی’ نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیل کے میزائل ڈیفنس سسٹم کو فعال کر دیا گیا ہے۔

5- فی الحال ایرانی حملے میں اسرائیل میں کسی کے مارے جانے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے۔

6- ایران کے فضائی حملے کے پیش نظر خطے کے تمام ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ فضائی دفاعی نظام کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

7- اسرائیل کے مغربی اتحادیوں اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ایران کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

8- امریکہ پوری طرح اسرائیل کی حمایت میں اتر آیا ہے۔ اس سے پہلے صدر جو بائیڈن نے ایران کو حملے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

9- اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ اہم اجلاس اتوار کو ہوگا۔

10- ایران کے فضائی حملے کے بعد ہلچل مزید تیز ہو گئی ہے۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ بدلہ لے گا۔