انڈین پریمیئر لیگ میں بدھ کو دہلی کیپٹلز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان ایک انتہائی سنسنی خیز میچ دیکھنے کو ملا۔ تصویر: AP

IPL 2024 : ریشبھ پنت کا طوفان، انتہائی سنسنی خیز میچ میں دہلی کیپیٹلز نے گجرات ٹائٹنز کو دی پٹخنی

نئی دہلی : انڈین پریمیئر لیگ میں بدھ کو دہلی کیپٹلز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان ایک انتہائی سنسنی خیز میچ دیکھنے کو ملا۔ ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرنے اتری دہلی نے کپتان ریشبھ پنت کی ناٹ آوٹ 88 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے۔ وہیں دوسری اننگز میں ڈیوڈ ملر کی نصف سنچری کی بدولت ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات کی ٹیم نے واپسی کی لیکن آخر میں دہلی نے میچ اپنے نام کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں گجرات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 220 رنز ہی بناسکی اور اس طرح سے دہلی نے چار رنز اس میچ کو جیت لیا ۔

گجرات ٹائٹنز کے لیے گزشتہ چند میچوں سے خاموش رہنے والے بلے باز ڈیوڈ ملر نے دہلی کے خلاف اپنا دم دکھایا ۔ یہ اور بات ہے کہ ان کی طوفانی اننگز ٹیم کو فتح کے قریب لے گئی لیکن اسے شکست سے نہیں بچا سکی۔ ڈیوڈ ملر نے صرف 23 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ آؤٹ ہونے سے پہلے انہوں نے اننگز کے 17ویں اوور میں اینریک نورکھیا کو 1 چوکا اور 3 چھکا لگا کر 24 رنز بنائے۔

وہیں اس سے پہلے دہلی کیپٹلز کے کپتان ریشبھ پنت نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف زبردست اننگز کھیلی اور ٹیم کو بڑے رنز تک پہنچایا جو چھوٹے اسکور پر رک رہی تھی۔ اس بلے باز نے صرف 43 گیندوں پر 8 چھکے اور 5 چوکے لگا کر 88 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ اس اننگز کی سب سے اہم بات آخری اوور میں موہت شرما کے 31 رنز تھے۔ اننگز کے 20ویں اوور میں ریشبھ پنت نے 4 چھکے اور 1 چوکا لگا کر پورے میچ کا رنگ ہی بدل دیا۔

دہلی کیپیٹلز کیلئے ریشبھ پنت کے علاوہ اکشر پٹیل نے شاندار اننگز کھیلی ۔ اکشر پٹیل تیسرے نمبر پر بلے بازی کیلئے میدان میں اترے اور انہوں نے شاندار نصف سنچری اننگز کھیلی ۔ اکشر پٹیل نے 43 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے ۔