اداکار اور اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر راج ببر کو ہریانہ کے گروگرام (گڑگاؤں) پارلیمانی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ فائل فوٹو ۔

کانگریس نے جاری کی امیدواروں ایک اور فہرست، راج ببر گروگرام سے لڑیں گے الیکشن، آنند شرما کو بھی ٹکٹ ملا

نئی دہلی : کانگریس نے منگل کو اپنے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آنند شرما کو ہماچل پردیش کے کانگڑا لوک سبھا حلقہ سے اپنا امیدوار اعلان کیا ہے ۔ پارٹی نے اداکار اور اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر راج ببر کو ہریانہ کے گروگرام (گڑگاؤں) پارلیمانی حلقہ سے ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس کی طرف سے جاری کردہ امیدواروں کی فہرست کے مطابق ہماچل پردیش کے ہمیر پور سے ستپال رائے زادہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے جو اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر کو چیلنج کریں گے۔ پارٹی نے بھوشن پٹیل کو ممبئی شمالی لوک سبھا حلقہ سے نامزد کیا ہے، جہاں ان کا مقابلہ بی جے پی کے پیوش گوئل سے ہوگا۔

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت والی حکومت میں وزیر تجارت اور صنعت رہے آنند شرما طویل عرصے تک راجیہ سبھا کے رکن رہے ہیں۔ ایوان بالا میں ان کی میعاد اپریل 2022 میں مکمل ہوئی تھی، حالانکہ اس کے بعد پارٹی نے انہیں راجیہ سبھا نہیں بھیجا تھا۔

کانگریس نے راج ببر کو دہلی سے متصل گروگرام پارلیمانی حلقہ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اتر پردیش کی سیاست میں اب تک سرگرم رہنے والے راج ببر پہلی بار ہریانہ میں اپنی سیاسی قسمت آزمانے جا رہے ہیں۔ وہ ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپیندر سنگھ ہڈا کے قریبی مانے جاتے ہیں۔

ہماچل پردیش کی چاروں لوک سبھا سیٹوں کے لیے یکم جون کو اور ہریانہ کی سبھی 10 لوک سبھا سیٹوں کے لیے 25 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔