بی جے پی کی پوری انتخابی مہم متوسط ​​طبقے کے لیے 'مودی کی گارنٹی' کے طور پر چلائی جا رہی ہے۔ (PTI)

بی جے پی کے انتخابی منشور میں مڈل کلاس کیلئے کیا کیا؟ 10 پوائنٹس میں جانئے سب کچھ

امن شرما

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا ہے۔ مرکز میں اقتدار میں 10 سال مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم مودی اور ان کی پارٹی نے اپنی تیسری مدت کے لیے اپنی انتخابی مہم میں متوسط ​​طبقے پر کافی زیادہ توجہ مرکوز کی ہے۔ بی جے پی کی پوری انتخابی مہم متوسط ​​طبقے کے لیے ‘مودی کی گارنٹی’ کے طور پر چلائی جا رہی ہے۔ بی جے پی نے اس الیکشن میں این ڈی اے کے لیے 400 پار کا ہدف رکھا ہے۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اس بار بی جے پی 370 سیٹیں اپنے نام کرے گی۔

بی جے پی کے انتخابی منشور کے اہم نکات میں شہروں کے متوسط ​​طبقے کے لیے شہری اور دیگر سہولیات کو مضبوط کرنا شامل ہے۔ اعلیٰ سطحی ملازمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاروبار اور سیاحت جیسے شعبوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متوسط ​​طبقے کے لیے مفت بجلی، سستی رہائش، بہتر تعلیمی نظام، زرعی بنیادی ڈھانچہ بھی بی جے پی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

آئیے آپ کو بی جے پی کے منشور میں متوسط ​​طبقے کو راغب کرنے کے لیے کیے گئے 10 وعدوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔

  1. پہچان

بی جے پی لیڈروں کا کہنا ہے کہ انتخابی منشور میں ایک پورا حصہ متوسط ​​طبقے کی امنگوں کو پہچاننے والا ہے۔ دستاویز واضح طور پر متوسط ​​طبقے کے لیے اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور زندگی کے بہتر معیار کے لیے حالات پیدا کرنے کے مواقع کی نشاندہی کرتے ہیں ۔

  1. بہتر ہندوستانی شہر

بی جے پی نے پورے ہندوستان میں میٹرو شہروں کے قریب سیٹلائٹ ٹاؤن شپس کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ایک مربوط میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ سسٹم بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے، جو ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سہولیات کو مربوط کرے گا اور شہروں میں سفر کے وقت کو کم کرے گا۔

  1. زندگی جینے میں آسانی

بی جے پی رہنماؤں نے کہا کہ منشور میں بہتر شہر، اعلیٰ معیار کے بنیادی ڈھانچے، تیز رفتار اور بہتر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، آلودگی پر قابو پانا، مستقبل کی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور زندگی کے بہتر حالات کا وعدہ کیا گیا ہے۔ ان سبھی سرمایہ کاری سے سب سے زیادہ فائدہ متوسط ​​طبقے کو ہوتا ہے۔ شہری منظرنامے کو زندہ کرنے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بڑھانے کے مقصد سے مرکز-ریاست-شہر شراکت داری کے ساتھ طویل مدتی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے کے وعدے کے ساتھ زیادہ تعاون اور تال میل پر بھی زور دیا گیا ہے۔

  1. اعلیٰ قدر والی ملازمتوں پر توجہ

بی جے پی نے اپنے منشور میں نہ صرف بڑے شہروں میں بلکہ ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں میں بھی نوکریوں کا وعدہ کیا ہے۔ بی جے پی لیڈروں کا کہنا ہے کہ لوکل انٹرپرینیورشپ اور ملازمتوں کو فروغ دینے کے لیے سیاحت جیسے شعبوں میں کام کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس سے مقامی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور ساتھ ہی روزمرہ کی زندگی میں خلل بھی کم پڑے گا اور بڑے شہروں پر بوجھ کم ہوگا۔ اس کے علاوہ پارٹی نے ملک کو گلوبل مینوفیکچرنگ ہب بنانے اور روزگار میں اضافے کے لیے کام جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔

  1. رہائش گاہ کی کم لاگت

‘سنکلپ پترا’ میں، RERA (Real Estate Regulatory Authority) کو زیادہ موثر بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ تعمیر اور رجسٹریشن کی لاگت کو کم کیا جا سکے۔ اسٹینڈرڈ ہاؤسنگ ڈیزائن کا آٹومیٹک اپروول مل سکے۔ یہ متوسط ​​طبقے کے لوگوں کے لیے بہت اہم مسئلہ ہے۔

  1. 70 سال سے زیادہ عمر کے ہر فرد کے لیے میڈیکل انشورنس

70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے طبی علاج مہنگا ہے اور متوسط ​​طبقے کے خاندانوں کے لیے بہت تھکا دینے والا ہو سکتا ہے۔ بی جے پی لیڈروں نے کہا کہ ان کے لیے بیمہ کرانا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا ہے۔ پارٹی نے 70 سال سے زیادہ عمر کے سبھی شہریوں کے لیے 5 لاکھ روپے تک کے ہیلتھ انشورنس کا وعدہ کیا ہے، خواہ ان کے کنبہ کی آمدنی یا املاک کی صورتحال کچھ بھی ہوا۔

  1. پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم

اس اسکیم کا اعلان ایودھیا مندر میں رام للا کی مورتی کے ‘پران پرتشٹھا’ کے دن کیا گیا تھا۔ جس کے تحت وہ لوگ جو ہاؤسنگ سوسائٹیز سمیت اپنے گھر کی چھت پر سولر پینل لگا سکتے ہیں، ان کے استعمال کے لیے ‘گرڈ کنیکٹڈ’ اور ‘بیٹری اسٹوریج’ اور شمسی توانائی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اضافی بجلی کو گرڈ میں ڈالا جا سکتا ہے اور معاوضہ دیا جا سکتا ہے ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس سے کمائی کے ساتھ ساتھ بجلی کے استعمال کی لاگت بھی کم ہوگی اور اس قدم کی وجہ سے متوسط ​​طبقے کو مستقبل میں بجلی کا بل صفر نظر آسکتا ہے۔

  1. بہتر تعلیم

بی جے پی لیڈروں نے کہا کہ آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور ایمس کی توسیع کے ساتھ ساتھ بی جے پی نے وہاں زیادہ سیٹیں فراہم کرنا بھی شامل کیا ہے۔ متوسط ​​گھرانوں کے بچوں کے لیے بہتر معیار اور بین الاقوامی معیار کے ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مزید مواقع پیدا کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔

  1. زرعی اسٹوریج کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری

ہندوستان اب تک ہر سال پیدا ہونے والی اپنی کل زرعی پیداوار کا صرف 47 فیصد ذخیرہ کرپاتا ہے، جب کہ کئی دیگر ممالک اپنی سالانہ ضرورت کا 100 سے 300 فیصد ذخیرہ کرتے ہیں۔ بی جے پی نے اب اس شعبے میں بڑے پیمانے پر نئی سرمایہ کاری اور زرعی ذخیرہ کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ بی جے پی لیڈروں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کسانوں کو زیادہ منافع بخش قیمتیں ملیں گی، بلکہ اس سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی کم ہوں گی ۔

  1. دنیا میں ہندوستان کا مقام

انتخابی منشور میں ہندوستان کی مجوزہ خارجہ پالیسی، دنیا میں ہندوستانی نظریات اور اقدار کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر اپنے لیے جگہ بنانے کے بارے میں کئی تفصیلات شامل ہیں۔ بی جے پی رہنماؤں کے مطابق اگلی دہائی میں ہندوستانی متوسط ​​طبقہ نہ صرف ہندوستان کی تقدیر کو تشکیل دے گا بلکہ دنیا میں ہندوستان کے سفیر کے طور پر بھی اہم کردار ادا کرے گا۔