دہلی کانگریس کے سابق صدر ارویندر سنگھ لولی ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔

بی جے پی کے ہوئے اروند سنگھ لولی، راجکمار چوہان اور نصیب سنگھ نے بھی کانگریس کو دیا جھٹکا

نئی دہلی : دہلی کانگریس کے سابق صدر ارویندر سنگھ لولی ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔ لولی کے ساتھ سابق ایم ایل اے نیرج بسویا اور نصیب سنگھ کے ساتھ ساتھ سابق وزیر راج کمار چوہان بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ارویندر لولی اور راج کمار چوہان دونوں شیلا دکشت حکومت میں وزیر رہے تھے۔

کانگریس لیڈر ارویندر سنگھ لولی نے 28 اپریل کو کانگریس کی دہلی یونٹ کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے کو لکھے ایک خط میں لولی نے کہا تھا کہ وہ پارٹی کی دہلی یونٹ کے صدر کے عہدہ پر بنے رہنے میں قاصر ہیں۔  شیلا دکشت کی حکومت میں وزیر رہے لولی  کو گزشتہ سال اگست میں دہلی کانگریس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

کھرگے کو لکھے ایک خط میں انہوں نے کہا تھا کہ میں نے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی (DPCC) کے صدر کے کردار کو شکریہ کے ساتھ قبول کیا جس کا واحد مقصد کانگریس پارٹی کے مقامی کارکنوں کی مدد کرنا ہے، جن کے ساتھ میرا بہت قریبی اور زندگی بھر کا جڑاو رہا ہے ۔

لولی نے خط میں کہا تھا کہ چونکہ میں پارٹی کارکنوں کے مفادات کا تحفظ نہیں کر سکتا ہوں، اس لیے مجھے اس عہدے پر برقرار رہنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آرہی ہے۔ لہذا، گہرے افسوس اور بھاری دل کے ساتھ میں ڈی پی سی سی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

لولی نے کہا کہ کانگریس کی دہلی یونٹ AAP کے ساتھ اتحاد کے خلاف تھی، لیکن انہوں نے پھر بھی عوامی طور پر اس کی حمایت کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پوری یونٹ “ہائی کمان کے احکامات پر عمل کرے۔” انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی کے مفاد میں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ دوسرے سینئر لیڈروں کو ٹکٹ مل سکے، یہاں تک کہ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے ممکنہ امیدوار کے طور پر اپنا نام واپس لے لیا۔