امت شاہ نے کہا کہ یہ پارٹیاں رام نومی کے جلوس نکلنے نہیں دیتی ہیں اور سی اے اے کی بھی مخالفت کرتی ہیں۔

2024 کا الیکشن راہل گاندھی بنام نریندر مودی ہے: تلنگانہ میں امت شاہ کا بڑا بیان

حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ 2024 کا الیکشن راہل گاندھی بمقابلہ نریندر مودی ہے اور یہ ‘ترقی کے لیے ووٹ’ اور ‘جہاد کیلئے ووٹ’ کے درمیان مقابلہ ہے۔ تلنگانہ کے بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب وزیر اعظم نریندر مودی کی ‘بھارتی گارنٹی’ اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ‘چینی گارنٹی’ کے درمیان ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس، بی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم تلنگانہ کو شریعہ قانون پر چلانا چاہتے ہیں۔

کانگریس، بی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم پر پولرائزیشن کا الزام لگاتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ یہ پارٹیاں رام نومی کے جلوس نکلنے نہیں دیتی ہیں اور سی اے اے کی بھی مخالفت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘یہ لوگ 17 ستمبر کو ‘حیدرآباد آزادی دن’ منانے کی اجازت نہیں دیتے۔ یہ لوگ سی اے اے کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہ لوگ تلنگانہ کو شریعت اور قرآن کی بنیاد پر چلانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں، مجھے صرف ‘مودی، مودی…’ کی گونج سنائی دیتی ہے۔ تلنگانہ نے ‘کمل’ کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ان کی محبت اور آشیرواد ہمیں اس بار 400 کے پار لے جائیں گے۔ تلنگانہ کے لوگوں نے ہمیں 2019 میں 4 سیٹوں سے نوازا تھا اور اس بار مجھے یقین ہے کہ ہم تلنگانہ میں 10+ سیٹیں جیتنے والے ہیں۔ تلنگانہ کا یہ ‘دوہرے ہندسوں کا اسکور’ مودی جی کو یقینی طور پر 400 کے پار پہنچا دے گا ۔

اپوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ملکارجن کھرگے کہتے ہیں کہ تلنگانہ اور راجستھان کے لوگوں کا کشمیر سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بدقسمتی سے وہ نہیں جانتے کہ یہاں کے لوگ کشمیر کے لیے اپنی جان بھی قربان کر سکتے ہیں۔ آرٹیکل 370 کو ہٹانا مودی جی کا ایک تاریخی فیصلہ ہے اور ہندوستان کے لوگ اس فیصلے پر شکر گزار بھی ہیں اور فخر بھی کرتے ہیں۔