سیما حیدر کے شوہر غلام حیدر کے پاکستان سے ہندوستان آنے کی خبر آرہی ہے۔ فائل فوٹو ۔

سیما حیدر کے شوہر کی ہندوستان آنے کی ہوئی تاریخ طے! کیا ہے پاکستان آنے کی اصلی وجہ؟

نوئیڈا : سیما حیدر کے شوہر غلام حیدر کے پاکستان سے ہندوستان آنے کی خبر آرہی ہے۔ دراصل انہوں نے سیما حیدر، سچن مینا اور ان کے وکیل ڈاکٹر اے پی سنگھ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرایا تھا۔ وہ سورج پور، گوتم بدھ نگر، اتر پردیش کی سیشن عدالت میں اپنی گواہی دینے آرہے ہیں۔ گریٹر نوئیڈا کی عدالت نے غلام کو اپنی گواہی دینے کے لیے عدالت میں حاضر ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔

غلام حیدر نے اپنے ہندوستانی وکیل مومن ملک کی مدد سے اپنی اہلیہ سیما حیدر، سچن مینا اور ان کے وکیل اے پی سنگھ کے خلاف گریٹر نوئیڈا کی سیشن عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ مومن ملک ہریانہ کے معروف سینئر وکیل ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ سورج پور سیشن کورٹ نے غلام حیدر کو گواہی کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ غلام حیدر گواہی دینے کے لیے 10 جون کو ہندوستان آ سکتے ہیں۔ اگر عدالت ان کی گواہی قبول کر لیتی ہے تو تینوں کو کم از کم تین سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

غلام نے بتایا کہ اس نے اپنے وکیل مومن ملک کے ذریعے ہتک عزت کی درخواست دائر کی تھی جس کے بعد معزز عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد کیس کو ایڈمت کرلیا ہے۔ عدالت نے غلام حیدر کو آئندہ سماعت پر 10 جون کو اپنے شواہد کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ عدالتی حکم پر غلام حیدر کے وکیل مومن ملک نے کہا کہ یہ قانونی جنگ کی بڑی ابتدائی جیت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کی رہنے والی سیما حیدر 13 مئی کو نیپال کے راستے اپنے چار بچوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر ہندوستان پہنچی تھی۔ یہاں اس نے اپنے ہندوستانی عاشق سچن مینا سے شادی کر لی، جس کا تعلق اتر پردیش سے ہے۔ دونوں کے ویڈیوز وقتاً فوقتاً وائرل ہوتے رہتے ہیں ۔