Tag Archives: Brij Bhushan Sharan Singh

میں ملک میں ہی نہیں تھا… برج بھوشن نگھ کی دلیلیں کورٹ نے کی خارج، جج نے کہی یہ بڑی بات

نئی دہلی : راؤز ایونیو کورٹ نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ڈبلیو ایف آئی کے سابق صدر برج بھوشن سنگھ کی اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے جس میں خواتین پہلوانوں کی طرف سے دائر جنسی ہراسانی کے معاملے میں آگے کی جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ برج بھوشن سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ واقعہ کے دن ہندوستان میں نہیں تھے۔ اب 7 مئی کو راؤز ایونیو کورٹ اہم کیس میں الزامات طے کرنے پر اپنا فیصلہ سنا سکتی ہے۔ ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ پرینکا راجپوت نے برج بھوشن شرن سنگھ کی درخواست پر سماعت کی۔

برج بھوشن شرن سنگھ نے مقدمے میں الزامات عائد کیے جانے سے قبل ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ واقعے کے وقت ہندوستان میں موجود ہی نہیں تھے۔ اپنے حق میں انہوں نے اپنا کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) پیش کیا تھا۔ استدعا کی گئی کہ اس زاویے سے مزید تفتیش کی جائے۔ عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر سے پوچھا کہ کیا ملزم کی سی ڈی آر قابل اعتماد دستاویز ہے یا نہیں؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ یہ غیر معتبر دستاویز نہیں ہے۔

دہلی پولیس نے 15 جون 2023 کو عدالت میں ایک رپورٹ پیش کی تھی جس میں نابالغ پہلوان سے متعلق کیس کو منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی تھی کیونکہ اس کے والد نے تفتیش کے درمیان ہی یہ چونکا دینے والا دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے بدلہ لینے کیلئے سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کے جھوٹے الزامات لگائے تھے۔ حالانکہ پہلوانوں سے جڑے معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

پولیس نے سنگھ کے خلاف پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسوئل آفنسز (POCSO) ایکٹ کیس کو ختم کرنے کی سفارش کی تھی، لیکن چھ خواتین پہلوانوں کی شکایت پر درج ایک الگ کیس میں ان کے خلاف جنسی زیادتی اور پیچھا کرنے کے الزامات کو برقرار رکھا تھا۔ پولیس نے نابالغ پہلوان سے متعلق شکایت کو یہ کہتے ہوئے منسوخ کرنے کی سفارش کی تھی کہ کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے ۔ سنگھ نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔