شہباز شریف اتوار کو دوسری بار پاکستان کے وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوگئے۔ فائل فوٹو ۔

نواز شریف کے بھائی شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب، کہی یہ بڑی بات

اسلام آباد : شہباز شریف اتوار کو دوسری بار پاکستان کے وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوگئے۔ ڈان کی خبر کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کر کے پاکستان کے 24ویں وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں۔

جبکہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار عمر ایوب خان کو 92 ووٹ ملے۔ پاکستان میں ووٹرز نے 8 فروری کو حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا ۔ اس دوران موبائل انٹرنیٹ کے بند ہونے، گرفتاریوں اور تشدد کی وجہ سے ووٹنگ متاثر ہوئی اور نتائج میں غیر معمولی تاخیر ہوئی، جس کے نتیجے میں یہ الزامات لگائے گئے تھے کہ ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کی گئی ہے۔

وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی پر نواز شریف کی تختیاں لگی ہیں، ان کی حکومت کا تین بار تختہ الٹا گیا، مقدمے بنائے گئے اور جلا وطنی پر مجبور کیا گیا۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی میں ہم کسی گریٹ گیم کا حصہ نہیں بنیں گے، دوستوں میں اضافہ کریں گے، مخالفین میں کمی لائیں گے، امریکا سے تاریخی تعلقات پہلے ٹھیک کرنے ہیں پھر استوار کرنے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اس مسلم ملک میں رمضان میں مساجد میں افطار پر لگی روک، آخر کیا ہے اس کی وجہ؟

یہ بھی پڑھئے: پاکستان کو ہندوستان پر تبصرہ کرنے کا نہیں ہےکوئی حق: ہندوستان

پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جے یو آئی کے اراکین وزیراعظم کے انتخاب کی کارروائی کا حصہ نہیں بنے اور قومی اسمبلی ہال کے دروازے بند ہونے سے پہلے جے یو آئی کے اراکین ہال سے باہر چلے گئے جبکہ سردار اختر مینگل ایوان میں بیٹھے رہے اور انہوں نے کسی کو بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

قابل ذکر ہے کہ حکمران اتحاد کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے شہباز شریف امیدوار تھے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب خان تھے۔