وزیراعظم مودی نے کہا کہ مخالفین میرے جیسے لیڈروں کے اقتباسات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے لیے اے آئی کا استعمال کر رہے ہیں۔(تصویر: X/@BJPLive)

’محبت کی دکان میں فرضی ویڈیو بیچ رہے ہیں…‘ وزیراعظم مودی کا کانگریس پر حملہ

دھاراشیو: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کا مقابلہ نہیں کر پا رہی اپوزیشن سوشل میڈیا پر فرضی ویڈیوز کو پھیلانے کے لیے ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ان کی حالت ایسی ہو گئی ہے کہ ان کا جھوٹ بھی کام نہیں کر رہا۔ وہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے میرے چہرے کا استعمال کر رہے ہیں… اپنی ’محبت کی دکان‘ میں فرضی ویڈیوز بیچ رہے ہیں۔ جھوٹ کی یہ دکان بند ہونی چاہیے ۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ مخالفین میرے جیسے لیڈروں کے اقتباسات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے لیے اے آئی کا استعمال کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے دنیا بھر میں موٹے اناج کو مقبول بنانے پر اپنی حکومت کے زور کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ موٹا اناج پوری دنیا میں کھانے کی میزوں تک پہنچے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے ان کے لئے دئے گئے سرکاری عشائیے میں موٹے اناج سے بنی اشیاء شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا مشن بھی ہندوستان کو تیل کے بیجوں کی پیداوار میں خود انحصار بنانا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا انتخابات ملک کی عزت نفس کے بارے میں ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کمزور حکومت جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے ایک مضبوط نیشن کا تعمیر کرے گی؟

وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ جب کانگریس کی حکومت تھی تو کسانوں کے حصے کی کھاد بھی لوٹ لی جاتی تھی ۔ یوریا کے لیے کسانوں کو مار پیٹ کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ لیکن پچھلے 10 سالوں میں ہم نے کسانوں کو یوریا کی کمی کا سامنا نہیں ہونے دیا۔ صرف پچھلے سال ہی ہم نے کھاد پر کسانوں کو 2.5 لاکھ کروڑ روپے کی سبسڈی دی ہے۔