لاہور میں انڈر ورلڈ ڈان عامر سرفراز کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ فائل فوٹو ۔

لاہور میں انڈرورلڈ ڈان عامر سرفراز کا گولی مار کر قتل، اسی نے جیل میں کیا تھا سربجیت کا قتل

لاہور: لاہور میں انڈر ورلڈ ڈان عامر سرفراز کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے سرفراز کو یکے بعد دیگرے کئی گولیاں ماریں جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ عامر سرفراز دہشت گرد تنظیم لشکر کے سربراہ حافظ سعید کا قریبی سمجھا جاتا تھا ۔ یہ وہی شخص ہے جس نے ہندوستانی شہری سربجیت سنگھ کا اس وقت قتل کردیا تھا جب وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے۔

2013 میں لاہور جیل میں قید سربجیت کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے اشاروں پر قتل کر دیا گیا تھا۔ دسمبر 2018 میں ایک پاکستانی عدالت نے سربجیت سنگھ قتل کیس میں دو اہم ملزمین – عامر سرفراز عرف تمبا اور مدثر کو ان کے خلاف “ثبوت کی کمی” کا حوالہ دیتے ہوئے بری کر دیا تھا۔

سبھی گواہوں کے منحرف ہونے کے بعد لاہور کی سیشن عدالت نے دونوں ملزمین کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ اس وقت ایک افسر نے کہا تھا کہ عدالت میں ایک بھی گواہ نے دونوں ملزمین کے خلاف گواہی نہیں دی۔ عدالت نے ان کے خلاف ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے ان کو بری کر دیا۔

سزائے موت پاچکے دو پاکستانی قیدیوں، عامر اور مدثر نے 2013 میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 49 سالہ سربجیت سنگھ پر اینٹوں، تیز دھار دھاتوں، لوہے کی سلاخوں اور بلیڈوں سے حملہ کردیا تھا، جس میں ان کی موت ہوگئی تھی ۔