Harda Factory Blast : فیکٹری مالک راجیش اگروال اور سومیش اگروال گرفتار، دھماکہ میں راکھ ہوا پورا علاقہ، دیکھئے تصاویر

ہردا : مدھیہ پردیش کے ہردا شہر میں منگل کو پٹاخے کی فیکٹری میں ہوئے دھماکے اور زبردست آگ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے، جن میں سے 10 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دریں اثنا فیکٹری مالکان راجیش اگروال اور سومیش اگروال کو سارنگ پور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان دونوں کے علاوہ رفیق خان عرف مانی کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
حادثے میں 174 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 34 زخمیوں کو بھوپال، اندور اور نرمداپورم ریفر کیا گیا ہے۔ ریفر کئے گئے ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔
ضلع اسپتال میں 140 مریض داخل تھے جن میں سے 45 مریضوں کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ بھوپال، اندور، بیتول، نرمداپورم سے ڈاکٹر ہردا پہنچ گئے ہیں۔ زخمیوں کا ہردا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
ہردا کے مگردھا روڈ پر واقع پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے کے بعد چاروں طرف آگ اور اونچے شعلے نظر آئے ۔ چاروں طرف چیخ و پکار تھی۔ یہاں کا پورا علاقہ راکھ میں بدل گیا ہے۔
ہردا میں منگل کی صبح بیرا گڑھ کے مگردھا روڈ کا پورا علاقہ دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ رات گئے تک یہاں دھماکے ہوتے رہے۔ علاقے میں کئی مقامات سے دھواں اٹھتا رہا۔
ہردا کے بیرا گڑھ میں مگردھا روڈ کا پورا علاقہ گرد و غبار سے بھر گیا اور جب لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ پیدا ہوا تو ان کے اہل خانہ بھی وہاں پہنچ گئے۔
ہردا کے بیرا گڑھ میں مگردھا روڈ پر پٹاخہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے 150 فائر فائٹرز بھیجے گئے ۔ انہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ یہاں کا پورا علاقہ ملبے اور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔
پٹاخہ فیکٹری میں آتشزدگی اور دھماکے کا سلسلہ رات گئے تک نہیں رکا تھا ۔ یہاں آگ اتنی خوفناک تھی کہ امدادی کارروائیوں کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔
دھماکوں کی وجہ سے کئی عمارتیں تباہ اور ملبہ علاقے میں پھیل گیا۔ اس حادثہ میں کئی موٹرسائیکلیں، کاریں اور دیگر گاڑیاں بھی زد میں آگئیں ۔