دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے گولڈی برار گینگ کے 10 شارپ شوٹرز کو گرفتار کیا ہے ۔ فائل فوٹو ۔

گولڈی براڑ ملک میں بڑی کنٹریکٹ کلنگ کرنا چاہتا تھا، 10 شارپ شوٹر گرفتار

نئی دہلی : گینگسٹر گولڈی براڑ پر دہلی پولیس کا شکنجہ کستا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے گولڈی براڑ گینگ کے 10 شارپ شوٹرز کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک نابالغ بھی شامل ہے۔ دراصل دہلی پولیس نے گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گینگسٹر گولڈی براڑ کے خلاف ملک بھر میں آپریشن چلایا ہے، جس کے تحت 7 ریاستوں سے 10 شارپ شوٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں دہلی، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، بہار، پنجاب، ہریانہ اور راجستھان سے حراست میں لیا گیا۔

ملک بھر میں چلائے گئے آپریشن کے دوران دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے 7 پستول اور 31 کارتوس بھی برآمد کئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ کچھ شوٹر گولڈی براڑ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور یہ گینگسٹر ملک میں کچھ بڑے کنٹریکٹ کلنگ کروانے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق سبھی شوٹر فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گولڈی براڑ سے کچھ شوٹر ورچوئل نمبرز کے ذریعے بات کر رہے تھے۔ ان شوٹروں کی گرفتاری کے ساتھ ہی پولیس نے دہلی اور کچھ دوسری ریاستوں میں ہونے والی کنٹریکٹ کلنگ کو بروقت روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گینگسٹر گولڈی براڑ کینیڈا میں رہتا ہے اور وہاں سے اپنے غنڈوں کے ذریعے ملک میں مجرمانہ سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔ ابھی چند روز پہلے خبر آئی تھی کہ وہ امریکہ میں فائرنگ کا نشانہ بن گیا ہے، لیکن بعد میں یہ خبر غلط نکلی۔

یکم مئی کو کیلیفورنیا کے فریسنو پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ان خبروں کی تردید کی تھی کہ گولہ باری کے واقعہ میں حملہ کرنے والے دو افراد میں سے ایک کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی براڑ تھا، جو فائرنگ کا شکار ہوگیا۔

لیفٹیننٹ ولیم جے ڈولے نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایک ای میل بیان میں کہا کہ اگر آپ آن لائن چیٹ کی وجہ سے یہ دعوی کر رہے ہیں کہ گولڈی براڑ گولہ باری کا شکار ہوا ہے ، تو ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ یہ بالکل درست نہیں ہے۔