اروند کیجریوال اور بی آر ایس لیڈر کے کویتا کو ایک ساتھ بڑا جھٹکا لگا ہے۔

دہلی شراب گھوٹالہ کیس: کیجریوال اور کے کویتا کو ایک ساتھ لگا جھٹکا، کورٹ نے دیا یہ حکم

نئی دہلی: دہلی شراب گھوٹالہ کیس میں تہاڑ جیل میں بند وزیر اعلی اروند کیجریوال اور بی آر ایس لیڈر کے کویتا کو ایک ساتھ بڑا جھٹکا لگا ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے اروند کیجریوال اور کے کویتا کی عدالتی حراست میں 7 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ دونوں کی عدالتی حراست کی مدت آج ختم ہو رہی تھی۔ دہلی شراب گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں اروند کیجریوال اور کے کویتا کو ای ڈی نے گرفتار کیا ہے۔

دراصل عدالتی حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد اروند کیجریوال اور کے کویتا منگل کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔ سی بی آئی اور ای ڈی کیس کے خصوصی جج کاویری باویجا نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اروند کیجریوال کو عدالت میں پیش کئے جانے کے بعد ان کی تحویل میں توسیع کر دی۔

جج نے تلنگانہ ایم ایل سی اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کویتا کی عدالتی تحویل میں بھی 7 مئی تک توسیع کر دی ہے جس میں بدعنوانی کے ایک معاملے میں سی بی آئی کی طرف سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ بتادیں کہ ای ڈی کے بعد کویتا کو سی بی آئی نے بھی گرفتار کیا تھا۔

قبل ازیں عدالت میں ای ڈی نے کے کویتا کی ضمانت کی مخالفت کی اور بتایا کہ ایجنسی اس معاملے میں نئی ​​چارج شیٹ داخل کرے گی۔ بی آر ایس لیڈر کے کویتا کے حوالے سے عدالت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ ابھی بھی ہم کویتا کے کردار کی جانچ کررہے ہیں۔ اگر انہیں ضمانت پر باہر آنے دیا جاتا ہے تو تفتیش میں رکاوٹ اور شواہد سے چھیڑ چھاڑ کا پورا امکان ہے۔