پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ تصویر: AP

Pak vs Nz: صرف دو گیندوں میں رد ہوا پہلا میچ، کیا پاکستان میں ہوپائے گا دوسرا ٹی 20؟ جانئے کیسے ہیں حالات؟

Pak vs Nz 2nd T20 : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچی ہے۔ حالانکہ اس کے ٹاپ کھلاڑی اس وقت ہندوستان میں انڈین پریمیئر لیگ کا حصہ ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ صرف 2 گیندوں پر ختم قرار دے دیا گیا۔ میچ مکمل نہیں ہوسکا جس کے باعث دوسرے میچ کے حوالے سے بھی لوگوں کے ذہنوں میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے اتری ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلے تین میچ راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں۔ سیریز کے آخری دو میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز راولپنڈی میں ہونا تھا لیکن شائقین کو مایوسی ہوئی۔ بارش کے باعث میچ میں صرف 2 گیندیں کرائی جا سکیں۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ دوسرے میچ میں موسم کیسا رہے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ 20 اپریل بروز ہفتہ ہندوستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔ اگر موسم کی بات کریں تو صبح کے وقت بارش کا امکان ہونے کے باوجود میچ کے وقت آسمان صاف رہے گا۔ پیشین گوئی کے مطابق بارش کا بالکل بھی امکان نہیں ہے۔ درجہ حرارت 22 سے 20 ڈگری کے درمیان رہے گا اور 24 سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ہے۔

پاکستان کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا ۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں صرف 2 گیندیں کی جا سکیں۔ شاہین شاہ آفریدی پہلا اوور کرنے آئے اور دوسری گیند پر وکٹ حاصل کی۔ ٹام رابنسن کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد میچ نہیں کھیلا جا سکا اور اسے منسوخ کر دیا گیا۔