مگردھا روڈ پر واقع پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ ہوگیا ہے۔ فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

مدھیہ پردیش: ہردا پٹاخہ فیکٹری میں بھیانک دھماکہ، 11 افراد کی موت، مالک فرار

ہردا : مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔ مگردھا روڈ پر واقع پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ ہوگیا ہے۔ فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ اس حادثے میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ دھماکہ کی وجہ سے دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ اسپتال میں افراتفری کی صورتحال ہے۔ وہیں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ہردا میں پیش آئے اس واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔ اس معاملے پر انہوں نے ہنگامی اجلاس بلایا ہے۔ اس واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے وزیر پردیومن سنگھ تومر، ادے پرتاپ سنگھ، اے سی ایس اجیت کیسری، ڈی جی ہوم گارڈ اروند کمار کو ہیلی کاپٹر سے روانہ ہونے کی ہدایت دی ہے۔

زخمیوں کو ایئرلفٹ کرایا جائے گا۔ ادھر بھوپال، اندور میں میڈیکل کالج اور ایمس بھوپال میں برن یونٹ کو ضروری تیاریاں کرنے کو کہا گیا ہے۔ اندور اور بھوپال سے فائر بریگیڈ کو بھیجا جا رہا ہے۔ کلکٹر رشی گرگ نے بتایا کہ پٹاخہ فیکٹری میں آج صبح اچانک دھماکہ ہوا۔ بھیانک آگ لگی ہے۔ اس دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہم نے 20-25 لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ہم نے قریبی اضلاع سے ایمبولینس، ڈاکٹروں کی ٹیمیں، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بھی بلایا ہے۔

اندور کے کلکٹر آشیش سنگھ نے بتایا کہ اندور کے سرکاری اور نجی اسپتالوں کے برن یونٹوں میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ 200 برن یونٹ بیڈ بنانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اندور سے 20 آئی سی یو ایمبولینس ہردا کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔ اندور کے کلکٹر آشیش سنگھ نے ایم وائی اسپتال میں برن یونٹ کا معائنہ کیا۔ فائر فائٹرز اور برن اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم اندور سے ہردا کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بڑی خبر: لشکرطیبہ کادہشت گرد دہلی سے گرفتار، کپواڑہ میں سرگرم تھا یہ دہشت گرد

یہ بھی پڑھئے: دہلی کےمہرولی میں900سالہ قدیم باباحاجی روزبیہ کامقبرہ بھی مسمار

ہردا کی پٹاخہ فیکٹری میں پیش آئے حادثے کے پیش نظر نرمداپورم کی کلکٹر سونیا مینا نے تین ایمبولینس اور 6 فائر بریگیڈ کو روانہ کیا ہے۔ ایس ڈی آر ایف کے 19 سپاہیوں کو ریسکیو کے لیے بھیجا گیا ہے۔ سپاہیوں کے ساتھ آگ بجھانے کے آلات، فائر انٹری شوٹ، سرچ لائٹ، اسٹریچر، ہیلمٹ، سانس لینے کا سامان، سیٹ ٹریولر، بس اور ریسکیو گاڑی کے ذریعے بھیجے گئے ہیں۔