وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو شہباز شریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد مبارکباد دی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو دی مبارکباد، جانئے کیا کہا

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو شہباز شریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد مبارکباد دی۔ شہباز شریف نے پیر کو پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ ایسے میں انہیں مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا: ‘شہباز شریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد۔’

تاہم یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ وزیر اعظم مودی نے صرف ایک لائن کا مبارکبادی پیغام دیا۔ ایسے میں یہ اشارے مل رہے ہیں کہ ہندوستان مخالف دہشت گردوں کی پناہ گاہ رہے پاکستان کے تئیں ان کے سخت موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آنے والی ہے۔


پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی میں 201 ووٹ لے کر ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ وہ پاکستان کے 24ویں وزیر اعظم بنے ہیں اور مسلسل دوسری بار اس عہدے پر منتخب ہونے والے پہلے وزیر اعظم ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جیل میں بند قیدیوں پر دہشت گردوں کی نظر! این آئی اے نے 7 ریاستوں میں مارا چھاپہ

یہ بھی پڑھئے:  آئندہ5سال میں ترقیاتی مہم کومزیدتیزی سے آگے بڑھایاجائیگا: وزیراعظم

سنی اتحاد کونسل کے ارکان کے احتجاج کے درمیان قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اعلان کیا کہ ‘میاں محمد شہباز شریف 201 ووٹ لے کر وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں، (جب کہ) عمر ایوب خان کو 92 ووٹ ملے ہیں۔’

دی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس کے بعد اسپیکر نے شہباز شریف کو وزیراعظم کی نشست پر بیٹھنے کی دعوت دی اور ایوان سے خطاب کرنے کیلئے کہا۔ بطور وزیر اعظم اپنی پہلی تقریر میں پارٹی رہنماؤں سے گھرے ہوئے شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے سپریمو نواز شریف کو اس عہدے کے لیے نامزد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کی حمایت کرنے پر اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔