آسٹریلیا کے طوفانی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو ڈبل سنچری پڑی مہنگی، سہارا لے کر میدان سے جانا پڑا باہر

نئی دہلی : آسٹریلیائی ٹیم میلبورن کرکٹ گراونڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، جو باکسنگ ڈے ٹیسٹ ہے ۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہی آسٹریلیائی سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے ڈبل سنچری بنادی، لیکن یہ ڈبل سنچری وارنر کو ہی بھاری پڑ گئی ۔ دراصل وارنر نے ڈبل سنچری بنانے کے بعد کافی پرجوش انداز میں اس کا جشن منایا ۔ اس جشن کی وجہ سے وہ خود کو ہی زخمی کر بیٹھے اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے باہر جانا پڑا ۔ سوشل میڈیا پر وارنر کے اس جشن اور خود کو زخمی کرنے کا ویڈیو وائرل ہورہا ہے ۔

ڈیوڈ وارنر اپنے خراب فارم کو لے کر پچھلے کافی وقت سے تنقید کا سامنا کررہے تھے۔ خراب فارم کی وجہ سے انہیں ریٹائرمنٹ تک لینے کا مشورہ دیا جارہا تھا ۔ ٹیم میں ان کی جگہ پر بھی سوالات اٹھائے جارہے تھے ، لیکن اب انہوں نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بناکر ناقدین کا منہ بند کردیا ۔ وارنر نے میچ میں 254 گیندوں میں 16 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 200 رنز بنائے ۔ 200 رنز کا ہندسہ چھوتے ہی وارنر اس کا جشن منانے لگے ۔


ڈبل سنچری بنانے کے بعد ڈیوڈ وارنر جذباتی ہوگئے ۔ وہ خوشی سے جھوم اٹھے ۔ سب سے پہلے وہ میدان پر ہی اپنے گھٹنوں پر بیٹھ گئے اور چیخنے لگے ۔ اس کے بعد بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے ہوا میں اچھل کر بھی جشن منایا، جو وارنر کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا،  کیونکہ انہوں نے اس کے بعد اپنی ران کے پچھلے حصے کو پکڑ لیا ۔ اس کے بعد میدان پر میڈیکل ٹیم آئی ۔ دراصل وہ پہلے سے ہی اینٹھن سے متاثر تھے۔ انہوں نے پوری اننگز میں بلے بازی کی اور جشن نے ان کے درد کو مزید بڑھا دیا ۔ اس کے بعد ان کے ساتھی اور میڈیکل ٹیم انہیں سہارا دے کر میدان سے باہر لے گئی ۔ اس دوران ڈیوڈ وارنر اتنا تڑپ رہے تھے کہ ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے ۔

بتادیں کہ ڈیوڈ وارنر اپنا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے ۔ اس دوران ڈبل سنچری بناکر انہوں نے تاریخ رقم کردی ۔ وہ انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ کے بعد اپنے 100 ٹیسٹ میچ میں 200 رنز بنانے والے تاریخ کے صرف دوسرے بلے باز بن گئے ہیں ۔ حالانکہ اپنی سنچری کے ساتھ انہوں نے کئی ریارڈز بھی توڑ تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم ہندوستان آئے گی یا نہیں؟ نئے PCB چیئرمین نے دیا یہ جواب

یہ بھی پڑھئے: اتنا بڑا نام پھر پھی ادھوری ہے یہ خواہش ….. پھر اتنے قریب پہنچ کر چوک گئے بابر اعظم

آسٹریلیا کی طرف سے 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 14 ویں کرکٹر بنے وارنر سے پہلے سابق کپتان رکی پونٹنگ اپنے 100 ویں ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلیائی کھلاڑی بنے تھے ۔ پونٹنگ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جنوری 2006 میں سڈنی میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا ۔