ممبئی کرائم برانچ کی ایس آئی ٹی نے مہادیو بیٹنگ ایپ معاملہ میں اداکار ساحل خان کو حراست میں لے لیا ہے۔ تصویر: ANI

ایس آئی ٹی کے شکنجہ میں اداکار ساحل خان، مہادیو بیٹنگ ایپ کیس میں گرفتار، لایا جارہا ممبئی

ممبئی: ممبئی کرائم برانچ کی ایس آئی ٹی نے مہادیو بیٹنگ ایپ معاملہ میں اداکار ساحل خان کو حراست میں لے لیا ہے۔ انہیں چھتیس گڑھ میں حراست میں لیا گیا ہے اور ممبئی لایا جا رہا ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ممبئی سائبر سیل کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) نے انہیں چھتیس گڑھ میں گرفتار کیا ہے۔

ایس آئی ٹی نے حال ہی میں اس معاملے میں خان سے پوچھ گچھ کی تھی۔ ایس آئی ٹی متنازعہ مہادیو بیٹنگ ایپ کے پروموٹرز اور ریاست میں کچھ مالیاتی اور رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے درمیان مبینہ غیر قانونی لین دین کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولس کے ذریعہ اس معاملے میں درج ایف آئی آر کے مطابق یہ گھوٹالہ تقریباً 15000 کروڑ روپے کا ہے۔

پولیس نے کہا کہ خان اور دیگر 31 افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جس کے تحت ان کے بینک اکاؤنٹس، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر تکنیکی آلات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ افسر نے بتایا کہ اس معاملے میں اب تک ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور جانچ جاری ہے۔ ‘اسٹائل’ اور ‘ایکسکیوز می’ جیسی فلموں میں کام کرچکے ساحل خان فٹنس ایکسپرٹ ہیں۔

ساحل نے دعویٰ کیا کہ ان کا معاہدہ 24 ماہ کے لیے تھا، جس میں ان کے سوشل میڈیا پر پروموشنل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے لیے 3 لاکھ روپے ماہانہ ادا کئے جاتے تھے۔ اس کے باوجود عدالت نے غیر قانونی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ حکام نے نوٹ کیا کہ ساحل خان، فٹنس ماہر اور یوٹیوبر کے طور پر، مبینہ طور پر ایپ کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کے استعمال پر آمادہ کرنے کے لیے سلیبریٹیز کے اجتماعات منعقد کرتے تھے۔